Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان کے زیرانتظام جاری نصابی سرگرمیاں‌اختتام پذیر

Posted on
شیئر کریں:

گلگت (چترال ٹائمزرپورٹ) آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت- بلتسان، پاکستان کے زیرانتظام و انصرام مصروف عمل تمام سکولوں کے طلبہ کے مابین ریجنل سکولز ڈیویلپمنٹ یونٹ (RSDU) کی سطح پرہونے والی ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلے پچھلے دنوں آخری مرحلے میں داخل ہوئے (RSDU) سطح پرمقابلے جیتنے والے سکولوں کے مابین گلگت بلتسان کی سطح پر مرکزی مقابلے ہوئے۔ سرگرمیوں کے اختتام پر آغا خان ڈائمنڈ جوبلی سکول سونی کوٹ کے ہال میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہم نصابی سرگرمیوں کے ان مقابلوں میں حمد و نعت ﷺ، سوال و جواب کے مقابلے، تقاریر، مباحثے، اسٹیج ڈرامے، مختلف پروجیکٹس کی پرزینٹیشن، مضمون نویسی اور ادبی نشستوں کے علاوہ کھیلوں میں فٹ بال، والی بال اور کرکٹ کے مقابلے شامل تھے لیکن یخبستہ موسمی حالات کے پیش نظر کچھ سرگرمیاں ملتوی ہوئیں جن میں کھیل بھی شامل تھے۔
.
تفصیلات کے مطابق تعلیمی سال برائے 2019-20کے آغاز سے آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتسان کی اعلیٰ قیادت نے باہمی افہام و تفہم سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے اندرموجود مخفی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جاسکے تاکہ ادارہ بچوں کی صلاحیتوں کو درست خطوط پر پرکھتے ہوئے اُن کے درخشان مستقبل کیلیے مخصوص پیشہ وارانہ تعلیم کے بہتر زاویوں کا اسانی سے انتخاب کر سکے۔ آغاخان ایجوکیشن سروس کا اولیں مقصد نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی پوشیدہ اور مثبت صلاحیتوں کی کھوج بین کرتے ہوئے اُن کی علمی اور ذہنی پرداخت کرنا اور اُنہیں ملک کا بہترین شہری بنانا ہے تاکہ ادارہ ہذا کی زیر نگرانی علم و ہنرسے مستفید ہونے والی نوجواں نسل عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد اپنے فہم ادراک و دانشمندی اور علمی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ و ارفع اخلاقی اقدار کے حامل پاکستانی شہری بن سکے۔ مذکورہ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد اسی خیال کو عملی جامہ پہنانے کی پہلی کڑی تھی جس میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے تمام سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ان مقابلوں میں(RSDU) سطح پر ہونے والے مقابلوں کو دو مختلف مراحل سے گزارنے کے بعد مرکزی مقابلوں کے لئے طلبہ کا چناؤ عمل میں آیا۔
.
پچھلے دنوں اُن تمام سرگرمیوں کے اختتام پر آغا خان ڈائمنڈ جوبلی سکول سونی کوٹ کے ہال میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس کی صدارت پریزیڈنٹ اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت، نعیم اللہ خان نے فرمائی جبکہ سکریٹری ایجوکیشن (ریٹائرڈ) محبوب علی اس پروگرام کے خاص مہمان تھے۔پروگرام کی نظامت مس نسرین اور مس فوزیہ نے انجام دیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ڈائمنڈ جوبلی سکول محمد آباد کے طالب علم کریم جان نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ طالبہ نیہا نے آیت کریمہ کا انگریزی زبان میں ترجمہ سنایا۔ اس کے بعد ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول دنیور کے طالب علم فہمید فدا اور ہم نواؤں نے نبی پاک ﷺ کے حضورعقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان کے سنئیر منیجر برائے سکول ڈویلپمنٹ شاہ اعظم خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کی غرض وغائیت کا تذکرہ کرتے ہوئے ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس جہاں بچوں کو جدید تعلیم سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے وہاں اُنہیں اپنی علاقائی ثقافت اور تہذہب کے دائرے میں رہتے ہوے تربیت حاصل کرنے کے ضمن میں بھی سنجیدہ گی سے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ کر خود آگے بڑھنا ہر گز نہیں ہے بلکہ ان کا بنیادی مقصد اپنی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنی خوبیوں اور خامیوں کو ناپنا اور پھر اپنے آپ کو بہترین آفاقی شہری بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمیاں بچوں میں محبت، آشتی، امن اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے مثبت راستوں کے تعیّن میں ممدو معاؤن ثابت ہوسکتی ہیں۔
صاحب موصوف کے ابتدائی کلمات کے بعد (RSDU) کی سطح پر ہم نصابی سر گرمیوں کے مقابلوں کے آخری مرحلے تک پہنچنے والے سکولوں کے مابین مختلف مقابلے ہوئے جن کی تفصیل اس طرح ہے:
،
سوال و جواب برائے پرائمری (سائنس)
1- سریم ذولفقار، ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول دنیور نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- طالبہ علینا، ڈائمنڈ جوبلی سکول اشکومن، غذر اور علی آکاش ڈائمنڈ جوبلی سکول گولوغ مولی غذر کے نمبر مساوی رہے اور دونوں نے دوسری پوزیشن حاصل کیں۔
.
سوال و جواب برائے مڈل (معاشرتی علوم)
1- تاشفین،ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول نومل نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- باسط علی، ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول اشکومن نے دوسری پوزیشن حاصل کی
3- فیصل یعقوب، LRS پھنڈر نے تیسری پوزیشن حاصل کی
مضمون نگاری (انگریزی)
1- طالبہ ز ادی یوسف ، ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول سونی کوٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- طالبہ جبین ڈائمنڈ ہائی سکول درکھوت نے دوسری پوزیشن حاصل کی
3- اور طالبہ عمبرین ڈائمنڈ ہائی سکول تھنگئی نے تیسری پوزیشن حاصل کی
.
مضون نگاری (اُردو)
1- طالبہ جنیفر، ڈائمنڈ جوبلی مڈل سکول سلطان آباد نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- طالبہ بی بی سلطانہ، ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول چٹور کھنڈ نے دوسری پوزیشن حاصل کی
3- نازیہ جبین، جوبلی سکول محمد آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی.
.
تصویر نگاری
1- طالبہ شاہ مینہ ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول پھنڈر نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- طالب علم ذولفقار ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول سندی یاسین نے دوسری پوزیشن حاصل کی
3- طالبہ نازیہ صبا ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول چٹور کھنڈ نے تیسری پوزیشن حاصل کی
.
انگریزی زبان میں تقریری مقابلے (موضوع سی پیک کے چیلینجیز)
1- طالبہ سلطانہ نذیر ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول سونی کوٹ، گلگت نے پہلی پوزیشن حاصل کی
2- طالب علم فیضان ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول سوست گوجال ، نے دوسری پوزیشن حاصل کی
3- پرویز بی بی ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول تیرو غذر، کویتا، ڈائمنڈ جوبلی ہائی سکول چٹور کھنڈ اور فہمیدہ عزیز نے تیسری پوزیشن حاصل کیں۔
.
ُردو ڈرامہ ا (والدین کے ساتھ حسن سلوک)
یہ ڈرامہ ڈائمنڈ جوبلی مڈل سکول ذولفقار آباد کی طرف سے پیش کیا گیا۔ جس میں والدین کے ساتھ حسن سلوک اور موجودہ دور کی نفسا نفی کو اُجاگر کیا گیا تھا جوکہ تقریب میں موجود تمام ناظرین کی دلچسپی کا مرکز رہا۔
.
ہم نصابی سر گرمیوں پر مبنی اس پروگرام کے آخر میں تقسیم انعامات کی بھی ایک مختصر تقریب سجائی گئی جس میں صدر محفل، مہما ن خصوصی اور دیگر شرکا ٔ نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سکریٹری ایجوکیشن (ریٹارئرڈ) محبوب علی اور صدرِ تقریب پریزیڈنٹ اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت، نعیم اللہ خان نے اپنی اپنی تقاریر میں تعلیم کے میدان میں علاقے کے نونہالوں کو معیاری تعلیم اور اعلی تربیت دینے پر آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کے اعلی حکام اور خصوصی طورپر گلگت بلتسان کی جواں عزم قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس علاقے میں کم و بیش 25 ہزار طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کر رہی ہے۔ یہ سکولوں کا وہ نظام ہے جہاں محمود ایاز میں کوئی تفاوت نہیں ہے۔ شمشال ہو یا درکھوت ، چپرسن ہو یا پھنڈر، گلگت ہو یا چترال تمام علاقوں کے نونہالوں کو بلا امیتازِ رنگ و نسل، زبان، علاقہ اور مسلک کے معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ جب ہمارے یہ تمام بچے عملی زندگی میں داخل ہوں گے تو ہمارا علاقہ اور ہماری قوم دنیا کی ترقیافتہ علاقوں اور قوموں کی صف میں شمار ہوگی۔ آخر میں طلبہ کے ساتھ ایک گروپ تصویر کشی کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
akesp gilgit baltistan competition 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
30081