Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (اکاہ) پاکستان کے زیر اہتمام شیک آوٹ ڈے منایا گیا 

Posted on
شیئر کریں:

آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (اکاہ) پاکستان کے زیر اہتمام شیک آوٹ ڈے منایا گیا

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز )آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (اکاہ) پاکستان کے زیر انتظام 19اکتوبر 2023کو شیک آوٹ ڈے منانے کے سلسلے میں چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں تربیتی ورکشاپ کاانعقاد کیاگیا ۔ورکشاپ میں سرکاری وغیرسرکاری سکولوں کے اساتذہ اورمختلف مکتبہ فکرکے خواتین حضرات نے شرکت کی۔ شرکاء ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےایکٹنگ منیجرایمرجنسی منیجمنٹ ڈیپارمنٹ آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (اکاہ )جاویداحمد ،ٹریننگ آفیسرعیسیٰ خان اوردوسروں نے کہاکہ چترال قدرتی آفات اور خصوصا زلزلے کے حوالے سے ریڈ زون میں واقع ہے ۔ زلزلے کو روکنا اگرچہ انسانی بس کی بات نہیں تاہم پوری دُنیا میں ریسرچ سے یہ ثابت ہو چکی ہے کہ زلزلے کے دوران جھک جائیں،چھپ جائیں اورپکڑے رہیں کے طریقوں پر عمل کرتے ہوئے انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملی ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کریں تو اپنے ہوش وحواس قابو میں رکھیں۔ خوفزدہ ہو کر بغیر سوچے سمجھے بھاگنے ،اوپر کی منزل سے چھلانگ لگانے اور چیخنے چلانے سے پرہیز کریں۔زلزلہ آنے کی صورت میں اگر آپ گھر میں موجود ہیں تو فوری طور پر ہاتھوں اور پیروں کے بل زمین پر بیٹھ جائیں اور کسی میز کے نیچے پناہ لے لیں اور اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیں، زلزلے کے جھٹکے رکنے تک وہاں سے باہر نہ نکلیں۔زلزلے کے دوران گھر میں موجود بھاری فرنیچر کے قریب نہ جائیں ،شیشے کی کھڑکیوں سے گزرنے کی کوشش ہر گز نہ کریں، زلزلے کی وجہ سے شیشہ ٹوٹ کر آپ کو لگنے کاخطرہ ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی آفات، ناگہانی سانحات، سیلاب، زلزلے، وبائی امراض سمیت دیگر ایسے ہی واقعات کے بارے میں عوام کو مختلف عوامل سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیک آوٹ ایک سالانہ حفاظتی مشق ہے جوزلزلے کے نقصانات سے بچاؤکے طریقوں میں بہتری کے لئے سالانہ بنیادوں پرکی جاتی ہے۔ قدرتی آفات میں زیادہ تراموات عوام میں آگاہی کے فقدان اور فوری مد د رسانی نہ ہونے کے باعث ہوتی ہیں پیشگی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے آفات اور ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کیاجاسکتا ہےجس کیلئے عوامی آگاہی مہم اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلانا وقت کی اہم ضرو رت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اکاہ کے شیک آوٹ کمپین میں تقریباایک لاکھ افراد نے حصہ لیا جن میں طلباء وطالبات کی بڑی تعداد شامل تھے۔

chitraltimes akahp chitral drr day 3

chitraltimes akahp chitral drr day 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
80509