Chitral Times

Jun 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئی ایم ایف کا پاکستان سے اخراجات میں کمی کا مطالبہ

Posted on
شیئر کریں:

آئی ایم ایف کا پاکستان سے اخراجات میں کمی کا مطالبہ

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ذمے قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی کو معیشت پر بوجھ قرار دے دیا۔اسلام آباد میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان نئے بیل آؤٹ پیکج پر مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان کے ذمے قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی کو معیشت پر بوجھ قرار دیا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال قرضوں پر سود 9 ہزار 787 ارب روپے تک جانے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال قرضوں پر سود کی ادائیگی 8 ہزار 371 ارب روپے تک جا سکتی ہے۔ رواں مالی سال ہدف کے مقابلے سود پر 1 ہزار 68 ارب اضافی اخراجات کا خدشہ ہے۔ رواں سال بجٹ میں قرضوں پر سود کی ادائیگی کا ہدف 7 ہزار 303 ارب روپے رکھا گیا تھا اور صرف پہلے 9 ماہ میں اندرونی اور بیرونی قرضوں پر 5 ہزار 518 ارب روپے سود ادا کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگی وفاقی حکومت کی خالص آمدن سے بھی 205 ارب روپے زیادہ رہی۔ جولائی تا مارچ وفاقی حکومت کی خالص آمدن 5 ہزار 313 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔ اگلے مالی سال قرضوں کی شرح 72 اعشاریہ 1 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد پر آجائے گی۔ انتہائی بلند بیرونی مالی ضروریات اور بلند شرح سود قرضوں کی پائیداری کیلئے خطرناک قراردی گئی۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذمے قرضوں میں کمی کا انحصار پالیسیوں کے کامیاب تسلسل پرہوگا۔

 

ایٹا پورے ملک کی پہلی اور واحد پبلک سیکٹر ٹیسٹنگ ایجنسی ہے اورایٹا بھرتی فیس 500 روپے ہے جو ملک بھر کی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے کم ہے۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

پشاور(سی ایم لنکس)مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوشن ایجنسی (ایٹا) کے قیام کیلئے جو قرض حکومت نے دیا تھا ایٹا نے واپس کر دیا اور ایٹا نہ صرف مالی اخراجات خود پورا کر رہاہے بلکہ سسسٹم اپگریڈشن پر بھی خود کام کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوشن ایجنسی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد امتیاز ایوب، ڈائریکٹر یاسر عمران نے بھی شرکت کی۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایٹا پورے ملک کی پہلی اور واحد پبلک سیکٹر ٹیسٹنگ ایجنسی ہے اورایٹا بھرتی فیس 500 روپے ہے جو ملک بھر کی ٹیسٹنگ ایجنسیوں کی نسبت بہت کم ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایٹا کا آٹو وائس میسج کو فنکشنل کر دیا ہے جو امیدوار کے فون پر تب تک بجے گا جب تک موصول یا مسترد نہ کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹا نے سال 2023-24 میں 38 مختلف قسم کے ٹیسٹ منعقد کئے جن میں تقریبا دو لاکھ اُمیدواروں نے شرکت کی ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے آئی ایم سائنسز اور خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے زریعے 680000 اُمیدواروں کے ایٹا ٹیسٹ آڈٹ کئے ہیں جن کا رزلٹ سو فیصد ٹھیک آیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ قابل بھروسہ ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ اب تک جتنے بھی خود مختار اداروں کی بریفینگ لے چکا ہوں ایٹا کی کارکردگی ان سب میں بہترین ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایٹا دفتر میں ٹاسک منیجمنٹ سروسز استعمال ہوتا ہے جس سے کوئی کام تعطل کا شکار نہیں رہتا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88975