Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئین و قانون کی پاسداری کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

آئین و قانون کی پاسداری کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، گورنر حاجی غلام علی

نوجوانوں کو محنت، لگن اور جہد مسلسل کی تعلیم دینی ہوگی تاکہ شائستگی،روایات اور اقدار کے ساتھ ہماری نسلیں آگے بڑھیں،گورنر

گورنر سے سابق رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین کی قیادت میں ضم اضلاع سے نمائندہ وفد کی ملاقات، قبائلی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

گورنر سے ضلع کوہاٹ، ضم اضلاع سے طلباء اور پاک چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفودکی بھی الگ الگ ملاقاتیں، مختلف امور پر تبادلہ خیال

پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ آئین و قانون کی پاسداری کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، ہم سب کو بھی آئین کی پاسداری یقینی بنانے،معاشرے سے منفی رویوں اور عادات کے خاتمے کے لیے پورے اخلاص سے جدوجہد کرنی چاہئیے۔ نوجوانوں کو محنت، لگن اور جہد مسلسل کی تعلیم دینی ہوگی تاکہ شائستگی،روایات اور اقدار کے ساتھ ہماری نسلیں آگے بڑھیں۔ قبائلی عوام نے ہمیشہ ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے اورملک کے دفاع، امن واستحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ موجودہ حالات کاتقاضا ہے کہ ریاست اورریاستی اداروں کے خلاف منفی سوچ کے خلاف متحد ہوکر کردار ادا کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں سابق رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین کی قیادت میں ضم اضلاع کے نمائندہ 20 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں شمس الدین، سید کبیر، مختیار خان، شفیق، شاہد علی، عبدالباقی اوردیگرشامل تھے۔ ملاقات میں ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل بالخصوص صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگربنیادی سہولیات سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیاگیااور گورنر سے قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

 

گورنرنے اس موقع پر وفد کو مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اورعوام کی خدمت کو اپنااولین فرض اورعبادت سمجھتاہوں، ضم اضلاع میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچرکی بہتری، بجلی سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔غیور قبائلی عوام میرے بھائی ہیں، وفاقی حکومت اورصوبائی حکومت کو ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیاہے۔ ضم اضلاع کے عوام کے احساس محرومیوں کاخاتمہ،صحت، تعلیم اورانفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنا وفاقی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ بہت جلد منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی جاری کردیے جائیں گے جس سے نچلی سطح پرنہ صرف ترقیاتی کام شروع ہوسکیں گے بلکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کاحل بھی یقینی ہوجائیگا۔

 

دریں گورنر سے ضم اضلاع سے طلباء کے ایک نمائندہ وفد نے محمدعمربیٹنی کی قیادت میں بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد میں انعام اللہ خان، محمدحسین، عاشق اللہ اوردیگر شامل تھے۔وفد نے گورنر سے ضم اضلاع میں مساجد کی سولرائزیشن کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ ضم اضلاع کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں درپیش مسائل سے بھی گورنر کو آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے گورنر سے درخواست کی۔ جس پر گورنرنے وفد کو یقین دلایا کہ نہ صرف مساجد کی سولرئزیشن کا مسئلہ حل کیاجائیگا بلکہ ضم اضلاع کے طلباء کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔گورنرنے کہاکہ ضم اضلاع کے طلباء کیلئے سکالرشپس دیے جارہے ہیں تاکہ وہ بھی معیاری تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم حاصل کرسکیں اور اپنے ہی علاقوں کے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں سمیت دیگر اداروں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔وفد کے شرکاء نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اوربلاتفریق تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے بہ آسانی دستیاب ہونے اور ان کے مسائل حل کرنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ گورنر نے ان بے مثال اقدامات پر خود کو عوامی گورنرثابت کیاہے۔ بعدازاں گورنرسے چیئرمین ایگزیکٹیوکمیٹی پاک چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن سیدظفرعلی شاہ اور سید علی نواز گیلانی نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ گھمکول شریف کوہاٹ سے بھی پیرسید جنیدشاہ کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے گورنر سے ملاقات کی۔ وفد میں سردار زاہدمنان، مولاناابوبکر، نعمان خان، لیاقت خٹک اور محمدتنزیل شامل تھے۔ وفد نے علاقے کے عوام کودرپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ #

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
79427