IBTاور سڈنی یونیورسٹی کے تعاؤں سے بحرین میں انڈیجینس کمیونٹی کانفرنس
بحرین سوات(نمائندہ چترال ٹائمز) IBT اور سڈنی یونیورسٹی اسٹیلیاء کے تعاؤں سے مقامی لوگوں کی کانفرنس بحرین سوات میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں پروفیسر جیکلین ٹرائی(سڈنی یونیورسٹی) اور معروف ریسریچر، کالمسٹ عزیز علی داد گیسٹ اسپیکرز تھے جبکہ بڑی تعداد میں مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مختلف زبانوں،گوار بتی، بٹیری،توروالی،واخی،شینا،گاوری،دامیلی،مانکیالی،بلتی، انڈس کوہستانی،کالاشہ، اوشوجو، بروشسکی،گوجری،کنڈول شاہی کشمیری،پالولہ، یدغہ،کالکوٹی کی نمائندگی ہوئی،کھوارزبان کی نمائندگی معروف محقق پروفیسر ممتاز حسین ( پرنسپل،ڈگری کالج چترال) اور میئر چترال کے صد ر فرید احمد رضا، جنرل سیکرٹری عطا حسین اطہر اور ریڈیو پاکستان چترال کے پروڈیوسر جاوید اقبال جاوید نے کی۔
کانفرنس کے اختتام پرمتفقہ طور پر اعلامیہ جاری کیا گیا:
1۔ شرکاء IBT اور سڈنی یونیورسٹی آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے مقامی کمیونیٹیز کے نمائیندوں کو آپس میں مل بیٹھنے اور مسائل پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا۔
2۔ کانفرنس اعلان کرتی ہے کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں کے مقامی لوگ اپنی مقامی کمیونیٹیز کو اقوام متحدہ کے تحت Indigenous Communities کا درجہ دلوانے کے لیے کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ قومی سطح پر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے مقامی لوگوں کے مفادات کے تحفط کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔
3۔ مقامی لوگ اپنی زبانوں اور شناخت پر فخر کریں گے اور کسی قسم کی احساس کمتری کاشکار نہیں ہونگے۔
4۔ کمیونیٹیز آپس میں امن،برداشت،احترام اور تعاون کو فروع دیں گے۔
5۔ پاکستان کی مقامی کمیونیٹیز قومی سرحدوں سے باہر رہنے والی اپنے ہم نسل لوگوں سے رابطوں کو فروغ دیں گے۔
6۔ مقا می لوگوں کو اس قابل بنانے کی کوشش کریں گے کہ وہ مقامی وسائل کو اپنی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے بہتر طور پر استعمال کرسکیں۔
7۔ مقامی کمیونیٹیز کو اس قابل بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ وہ کلچرل ٹورزم کے ذریعے اپنی شناخت کو اجاگر کرسکیں۔
8۔ مقامی ثقافتوں، زبانوں اور تاریخ پر تحقیق کے لیے ایک معیاری ریسرچ جرنل کا اجراء کیا جائے گا۔ نیز ان مقاصد کے حصول کے لیے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور انٹرنیٹ کا موثر استعمال کیا جائے گا۔
9۔ مقامات کے ناموں میں کی گئی تبدیلیوں کو ختم کرکے روایتی ناموں کی بحالی کے لیے کوشش کی جائے گی۔
10۔ ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے ایک مستقل فورم Mountain Comunities Collective(MCC)
کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایک Core Committee for Mountain Communites Collective کے نام پر کورکمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں تمام کمیونیٹیز کو نمائندگی حاصل ہوگی۔
متفقہ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے پٹرن ممتاز حسین، کنوینئر زبیر والی جبکہ ممبروں میں فرید احمد رضا (کھوار) عزیز علی داد (شینا) معتبر شاہ(کوہستانی اینڈس) لُوک رحمت(کلاشہ) زمان ساگر(گاؤری) عبد اللہ (گوربتی) دولت والی بیگ(واخی) عبدالباقی (بٹری) حیات محمد خان(دامیلی) قاضی اسرار الدین(پلولہ) رحمت علی(یادغا) افتاب احمد(توروالی) احسان دانش(بلتی) اور جاوید (بروشکی) شامل ہیں۔