ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے ایمرجنسی سنٹر کو نو تعمیر شدہ ٹراما سینٹر میں شفٹ کیاجائیگا۔۔ارشاد سدھیر
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے کہا ہے ۔ کہ شہریوں کی سہولت بنیادی ترجیح ہے ۔ اور ہماری کو شش ہے ۔ کہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ ہسپتال ایسی جگہ ہے ۔ جہاں صاف ماحول کی اشد ضرورت ہے ۔ اور اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کی وزٹ کرنے کے موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال ڈاکٹر رحمان آفریدی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو مقبول اعظم ، ٹی ایم او قادر ناصر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے نو تعمیر شدہ ٹراما سینٹر کا جائزہ لیا ۔ اور اس بات پر نہایت افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ سنٹر کی تیاری کے باوجود اپریشنل نہیں کیا گیا ہے ۔ جبکہ ایمر جنسی وارڈ میں مریضوں کو بہت مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے ٹراما سنٹرکو اپریشنل کرنے ، ہسپتال کے اندر ڈراپ پوائنٹ اور سڑک کو بہتر بنانے کے ساتھ ون وے بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ہسپتال کے اندر غیر متعلقہ گاڑیوں کی پارکنگ کے خلاف سخت ترین کاروائی کرنے کی ہدایت کی ۔ اور ہسپتال روڈ پر ایمرجنسی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والی گاڑیوں کو پارکنگ کو بھی ناقابل قبول قرار دیا ۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کا جائزہ لیا۔ اور کوڑا کرکٹ کا ڈھیر اُٹھانے پر ٹی ایم او کی کاوشوں کو سراہا ۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے پولو گراونڈ چترال کا بھی وزٹ کیا ۔ اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ چترال کی قومی و ثقافتی قدیم کھیل پولو کی ترقی کیلئے انھوں نے آتے ہی قدم اُٹھایا ہے ۔ اور 80ملین روپے کا پی سی ون تیار کرکے صوبائی حکومت کو بھیج دیا ہے ۔ جس کی منظوری کے بعد پولو گراونڈ کے اردگرد دیواروں اور آرائشی کاموں کے علاوہ تماشائیوں کے نشستوں کو بھی بڑھایا جائیگا۔ اور ساتھ خواتین کے بیٹھنے کیلئے الگ گیلری بنائی جائیگی ۔