Chitral Times

 این ڈی ایم اے  کےنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ممکنہ آندھی، طوفان اور بارشوں کے پیش نظر گلاف الرٹ جاری کر دیا

Posted on

 این ڈی ایم اے  کےنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ممکنہ آندھی، طوفان اور بارشوں کے پیش نظر گلاف الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (چترال ٹائمزرپورٹ ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کےنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ممکنہ آندھی، طوفان اور بارشوں کے پیش نظر گلاف الرٹ جاری کر دیا۔ خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشئرز کے پگھلنے کا عمل تیزہونے اور ممکنہ بارش کے سلسلے کے باعث 17تا23جولائ2024 کے دوران مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں اضافہ اور جھیلوں کے سیلاب کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پی کے اور گلگت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی رکاوٹ، سڑک کی بندش اور نقصان کی صورت میں ضروری انوینٹری/آلات کے انتظامات اور پہلے سے تعیناتی کے ساتھ ساتھ غیر محفوظ مقامات پر ایمرجنسی اہلکاروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکموں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی کمیونٹی، سیاحوں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں مسافروں کو الرٹ رہنے اور غیر ضروری سفر/ نقل و حرکت سے گریزکرنے کے لیے پہلے سے خبردار کریں۔متعلقہ محکمے خطرے دو چار علاقوں میں لوگوں کے بر وقت انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے فرضی مشقیں بھی تشکیل دیں تا کہ بوقت ضرورت عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے Pak NDMA Disaster Alert ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جو گوگل پلے سٹور اورiOS ایپ سٹور پر موجود ہے تاکہ عوام کوبر وقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اوردیگر ضروری معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

دریں اثنا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق 17 سے 21 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، کے پی،پنجاب کے وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں وقفے کے ساتھ گرج چمک کیساتھ بارشوں امکان ہے ۔ بارشوں کے باعث سوات، مینگورہ، بٹگرام، مردان، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 50 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے جو مقامی ندیوں اور نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ سبب بن سکتی ہے۔

اسکے علاؤہ فلیش فلڈنگ ذریعہ آمدو رفت میں خلل، عمارتوں/ بنیادی ڈھانچے اور فصلوں و مویشوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

عوام گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔ کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔ مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دو چار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔ عوام بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کے لیے کی  Pak NDMA Disaster Alert   موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
91003