Chitral Times

کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر منتخب ارکان نے پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں مو قف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ارکان سے حلف نہیں لیا گیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کی تھی اور انہیں حکم دیا تھا کہ وہ درخواست گزاروں کو 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کے ساتھ ساتھ اسے اس عمل میں سہولت فراہم کرے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکرخیبر پختون خوا اسمبلی سے مخصوص نشستوں کے ممبران نیحلف برداری کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ارکان کی حلف برداری کے انتظامات نہیں کیے۔

 

کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف احتجاج کرینگے: علی امین گنڈاپور

پشاور(سی ایم لنکس)وزیرِ اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی کہ ہم لڑیں گے، 25 ارکان کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار ا?ئین کو توڑا جا رہا ہے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں، جو نہیں کرائے گئے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیاگیا، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہو گا کہ کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں؟ میں واضح طور پر کہہ رہاہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم آخری حد تک جائیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، مقابلہ کریں گے، غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، ہم کسی طور پر اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کریں گے، 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا؟ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ ہم ان غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں اٹھانے دیں گے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قرار داد پاس کریں گے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
87089