کالاش فیسٹول چیلم جوشٹ کا کل سے آغازہوگا، سیاحوں کی شرکت پرپابندی برقرار
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) کالاش قبیلی کی موسم سرما کا تہوار چیلم جوشٹ 13 مئی سے تینوں کالاش وادیوں بمبوریت، بریر اور رمبور میں شروع ہورہا ہے جس میں کالاش مردوزن اور بچے بوڑھے سب مل کر طویل اورصبر ازما موسم سرما کے بعد موسم بہار کی آمد کا ناچ اور گانے کے ذریعے استقبال کریں گے جبکہ ان دنوں تینوں وادیوں میں بہار کی خوبصورتی اور رنگینیاں بھی اپنی عروج کو پہنچ چکی ہیں۔ اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تہوار انتہائی سادگی سے منائی جائے گی اور یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ باہر سے کسی کو بھی کالاش وادیوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی جس کے لئے ایون گاؤں میں پولیس چیک پوسٹ قائم کیا گیا ہے جہاں کالاش وادیوں سے تعلق نہ رکھنے والے افراد کو واپس بھیج دئیے جائیں گے۔ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں تہوار کے رسومات کی ادائیگی کے دوران دستانے اور ماسک کا استعمال، جسٹخان (ناچنے کی جگہ) میں ایک وقت میں محدود تعداد میں افراد کا داخلہ اور ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنا شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان نے گزشتہ دن کالاش عمائیدیں کے ساتھ مل کر ایس او پیز ترتیب دی ہے تاکہ کرونا کا مہلک وائرس اس تہوار کے دوران نہ پھیل سکے۔ عبدالولی خان نے کہاکہ اس تہوار کے دوران کسی کو بھی تصویر لینے یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ تہوارکے دنوں میں کوئی بھی کالاش قبیلے کا فرد ایک وادی سے دوسری وادی میں نہیں جاسکے گا۔فیسٹول کی اخری تقریب 16مئی کو بمبوریت میں ہوگی۔
دریں اثنا کالاش ویلی کے ہوٹل مالکان بھی کوروناوبا ء کی وجہ سے انتہائی متاثر ہوگئے ہیں جبکہ ان کی سال بھرکی کمائی انہی فیسٹول پر منحصرتھا۔ ان کا کہنا ہے کہ سال کے صرف چھ مہینے ان کا کاروبار چلتا ہے جبکہ چھ مہینے برفباری کی وجہ سے علاقے تمام ہوٹل بند ہوتے ہیں اورامسال کورونا وبا کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑگئے ہیں انھوں نے حکومت سے علاقے کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے۔