چترال کے قدیم درس گاہ گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول چترال میں یوم والدین کی تقریب
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کی قدیم ترین تعلیمی ادارہ گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول چترال میں یوم والدین کی تقریب میں والدین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی ترقی اور نگہداشت میں سکول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور یہ بات ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ معیار تعلیم کو بڑہانے کا خواب والدین کے بغیر نا ممکن ہے ۔ پیر کے روزمنعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین تھے جبکہ ڈپٹی ڈی ای او (مردانہ) چترال حافظ نوراللہ نے صدارت کی ۔ تقریب سے سکول کے پرنسپل کمال الدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مقرریں نے کہاکہ روزمرہ کی زندگی میں بچوں کا ذیادہ وقت والدین کے ساتھ گھرمیں گزرتا ہے اور سال کے 365میں سے صرف 185دن بچے سکول میں ہوتے ہیں اس لئے والدین اور گھر کے دیگر افراد کا بچے کی شخصیت کی تعمیرپر گہرے نقش مرتب ہوتے ہیں اور غلط ماحول سے بچانے کی بنیادی ذمہ داری ان ہی پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تعلیمی ادارہ، نصاب، استاذ معیاری تعلیم کے لئے لازمی جزو ہیں ، وہا ں والدین اور معاشرے کا کردار بھی شامل ہے۔ مقررین نے کہاکہ اس سکول نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں اعلیٰ تریں کارکردگی کے ذریعے ایک مقام پیدا کیا ہے جبکہ چترال کی وادی میں علم کی شعاعیں بھی اس ادارے کے ذریعے پہنچ گئے اور چترال کے ابتدائی دور کے سینکڑوں ڈاکٹر ،انجینئر، فوجی افسران اور سول سروس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ معروف بزنس مین بھی اس سکول سے فارع التحصیل ہیں۔ انھوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقدار کو بھی اپنا شعاربنائیں۔ اس موقع پر بہتری کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے اساتذہ اور طلباء میں تعریفی اسناد اور شیلڈ بھی تقسیم کئے گئے۔ سکول کے طلباء نے اردو ، انگریزی تقاریر، ملی نعمے اور مختلف خاکے پیش کئے جسے زبردست سراہا گیا۔ تقریب سے پی ٹی آئی رہنما رحمت غازی ، محی الدین، مظفر الدین و دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ مقرریں نے چترال میں تعلیم کے سلسلے میں سابق مہتر چترال سر ناصر الملک کی کاوشوں کا شاندار الفاظ میں سراہا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔