پی ٹی سی ایل کو پرائیویٹائز کرنے کے بعد سروس مذید ناقص، کسٹمرز کی زندگی اجیرن
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں پی ٹی سی ایل کے کسٹمرزکی زندگی اجیرن ہوگئی اور ٹیلی فون لائن خراب ہونے پر ان کاکوئی پرسان حال نہیں رہا اور کئی دنوں تک شکایت لکھواتے لکھواتے خاموش رہنے پر مجبورہوتے ہیں۔ ٹیلی فون کے متعدد کسٹمرز نے چترال پریس کلب میں صحافیوں کو بتایاکہ انہوں نے پی ٹی سی ایل کے مقامی دفتر میں شکایت درج کروائی اور ان لائن کمپلینٹ بھی ٹیلی فون نمبر 1218پر درج کروادی لیکن اس کا کوئی فائدہ برامد نہیں ہوا اور کئی دن گزرنے کے بعد بھی کوئی لائن مین بھولے سے ان کی طرف نہیں آئے۔ ان کاکہنا تھاکہ کئی ٹیلی فون کسٹمرز نے لینڈ لائن ٹیلی فون انتہائی ناقص سروس کی وجہ سے مستقل طور پر ختم کرادی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیاکہ پرائیویٹائز ہونے کے بعد سروس میں بہتری کی بجائے ابتری دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ مارکیٹ میں مقابلے کے لئے موبائل ٹیلی فون کمپنیاں چل رہی ہیں۔ ایک کسٹمر کاکہنا تھاکہ پی ٹی سی ایل کے ضلعی دفتر سے آدھا کلومیٹر کے فاصلے پر ان کا دفتر واقع ہونے کے باوجود گزشتہ دو دنوں سے کوئی عملہ منقطع شدہ لائن کو ٹھیک کرنے نہیں آیا۔