Chitral Times

پولیس شہداءکے بچوں کو بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کرنے کے لیے مختص کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا

Posted on

پولیس شہداءکے بچوں کو بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کرنے کے لیے مختص کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ پولیس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس فورس کو مضبوط بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے احکامات اور فیصلوں پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو پولیس میں نئی آسامیوں کی تخلیق، بھرتیوں کے عمل، گاڑیوں کی خریداری اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جنوبی اضلاع کے لیے پولیس میں مختلف رینکس کی 1,356 نئی آسامیوں کی تخلیق کی گئی ہے،جن میں سے 1,200 کانسٹیبلز کی بھرتی کا عمل آخری مراحل میں ہے اور جلد تقرر نامے جاری کیے جائیں گے۔مزید برآں، سب انسپکٹرز، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور ہیڈ کانسٹیبلز کی آسامیوں پر بھی مروجہ طریقہ کار کے مطابق بھرتیاں کی جارہی ہیں۔

 

 

وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پولیس شہداءکے بچوں کو بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کرنے کے لیے مختص کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ نئے کوٹہ کے تحت اب تک 246 آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔نئے کوٹہ کے تحت پشاور ریجن میں 85 سب انسپکٹر ز بھرتی کئے جاچکے ہیں، اسی طرح مردان میں 51 ، ڈی آئی خان میں 24 ، کوہاٹ میں 25 ، ملاکنڈ میں 35 اور بنوں میں 26 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز بھرتی کئے جا چکے ہیں ۔ ان ریجنز میں مزید 72 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو اگلے چند دنوں میں بھرتی کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان سروس کوٹہ کے تحت 1,153 آسامیوں پر بھرتی کے لیے پبلک سروس کمیشن کوکیس بھیج دیا گیا ہے جبکہ 25 فیصد کوٹہ کے تحت 631 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی بھرتی کے لیے بھی کیس پبلک سروس کمیشن کو ارسال کیا گیا ہے۔

 

اسی طرح 802 ملین روپے کی لاگت سے پولیس کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے جس کے تحت اب تک 34 ڈبل کیبن، 15 سنگل کیبن گاڑیاں، 30 دیگر سنگل کیبن گاڑیاں اور 15 بائیکس خریدی جا چکی ہیں۔ مزید برآں، 760 ملین روپے کی لاگت سے 79 سنگل کیبن 4×4 گاڑیوں کی بلٹ پروفنگپر بھی کام جاری ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پولیس کی بھرتیوں اور گاڑیوں کی خریداری کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیوں کا عمل پہلی ترجیح میں مکمل کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو تمام مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس معمول کے طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرے تاکہدرپیش چیلنجزسے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔

 

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94717