پانچواں انٹرپرینیور خواتین تجارتی میلہ 7جولائی کو پشاور میں منعقد ہوگا، 8جولائی تک جاری رہیگا
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کے زیراہتمام 5واں انٹرپرینیور خواتین تجارتی میلہ 7اور 8 جولائی کو پالم مارکیو یونیورسٹی روڈ پر منعقد ہوگا جس میں خواتین کے ہاتھوں سے بنی اشیاء ، آرٹ اینڈ کرافٹ ، دستکاری ، کپڑے ، شال ، ثقافتی کھانے ، فوڈ، چارسدہ چپل ، پھلکاری کا کام ، موتیوں کا کام اور دیگر مختلف سمیت 50سے زائد سٹالزلگائے جائینگے ، تجارتی میلے میں خواتین اور فیمیلز کو شرکت کی اجازت ہو گی میلہ دو روز تک جاری رہے گا جس میں صبح 11سے رات 11تک خواتین اور فیمیلز لطف اندوز ہوسکیں گی ،5ویں انٹرپرینیور خواتین تجارتی میلے کے انعقاد کا مقصدصوبہ خیبرپختونخوا اور ملک بھر سے ہنر مند خواتین کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ ہنر مند خواتین جو اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنے ہنر کو باہر نہیں لا سکتیں تو اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ہنر کوسامنے لائیں اور دنیا میں اپنا نام کما سکیں ، ان خواتین کے ہاتھوں کی بنی دستکاری اشیاء کی رونمائی وقت کی ضرورت ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا سمیت کراچی ، فیصل آباد ،ملتان اور دیگر شہریوں سے خواتین اس تجارتی میلے میں شرکت کررہی ہیں جس میں خواتین سوات کی شالز، کراچی کے موتیوں کے کام والے کپڑے ، سوات کی شالز، دستکاری اشیاء، ہری پور کی پھلکاری اشیاء، مردان کے پیڑے ، فوڈ سٹالز، مختلف انڈسٹریز کے سٹالز، کارپوریشنز ، ٹورازم انفارمیشن سنٹر اور دیگر سٹالز توجہ کا مرکز ہونگے ، تجارتی میلے کے آخری روز موسیقی محفل کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں ثقافتی موسیقی کی محفل منعقد ہو گی ۔