وزیراعظم کی ہدایت پر سکردو میں پہلی مرتبہ ماونٹرینگ سکول کے قیام کا فیصلہ
وزیراعظم کی ہدایت پر سکردو میں پہلی مرتبہ ماونٹرینگ سکول کے قیام کا فیصلہ ، وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی رومینا خورشید عالم کی سربراہی میں کمیٹی کا دورہ سکردو اور اجلاس
سکردو ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی رومینا خورشید عالم نے آج بدھ کے روز وزیر اعظم کی جانب بلتستان میں ماونٹرینگ سکول کے حوالے سے قائم کمیٹی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر کمیٹی کے ممبران غلام محمد وزیر سیاحت گلگت بلتستان،راجہ ناصر علی خان وزیر منصوبہ بندی و ترقیات گلگت بلتستان, ذوالفقار یونس ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی، نجیب عالم کمشنر بلتستان، طیب سمیع خان ڈی سی سکردو، ولی اللہ فلاحی ڈی سی شگر، نائلہ کیانی ہائی آلٹیٹیوڈ ماؤنٹینیئر، عارف حسین ای وی کے ٹو سی این آر، سید خالد گردیزی سیکرٹری کشمیر آفئیرز اینڈ گلگت بلتستان، عمران ندیم سابق رکن GBA سمیت دیگر ارکان کمیٹی نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ماؤنٹینیرنگ اسکول کی حکمت عملی کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد پر تبادلہ خیال کرنا تھا، جس کا مقصد علاقے میں پائیدار سیاحت اور ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر رومینا خورشید عالم نے اس اہم منصوبے کی ضرورت اور فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکول نہ صرف نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکول کے قیام سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور بین الاقوامی کوہ پیماؤں کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا جائے گا، جس سے بلتستان کی قدرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھتے ہوئے معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے اسکول کی جگہ کے انتخاب، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، نصاب کی تیاری، اور بین الاقوامی ماؤنٹینیرنگ ماہرین کے ساتھ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں، اجلاس میں مقامی آبادی کی شمولیت کو یقینی بنانے، ان کی تربیت اور انہیں ماؤنٹینیرنگ کی صنعت میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا تاکہ اس کے فوائد جلد از جلد سامنے آ سکیں تاکہ بلتستان کی سیاحت کو فروغ ملے۔ انہوں نے اجلاس کے بعد اسکول کے قیام کے لیے مجوزہ سائیٹ کا دورہ بھی کیا۔