وزیراعظم آج پشاور کا دورہ کریں گے۔چترال شندور روڈ کی کشادگی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔کامران
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعظم پاکستان عمران خان بدھ کو خیبرپختونخوا کے ایک روزہ دورے پر پشاور آئیں گے۔ وزیراعظم کے متوقع دورے کے حوالے سے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل پشاور اور نوشہرہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نوشہرہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر مراد سعید اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی ہوں گے۔ ت
رجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے مزیر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جلوزئی میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے فلیٹس منصوبہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ہوگا۔ سستے فلیٹس منصوبہ 1320 گھروں پر مشتمل ہوگا جس کی قیمت 25 لاکھ روپے ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں نئے او پی ڈی بلاک کا افتتاح اور حیات آباد میں پیرا پلیجک سنٹر کا دورہ بھی کریں گے.
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پشاور درہ آدم خیل روڈ کا افتتاح اور چترال بونی، مستوج شندور روڈ کی کشادگی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے الگ الگ ملاقات بھی کریں گے جبکہ گورنر شاہ فرمان وزیراعظم عمران خان کو زیتون کی کاشت کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔