محکمہ ڈاک میں رواں سال اے ٹی ایم سروس شروع کی جارہی ہے…ڈی جی ڈاکٹرنصیراحمد
اسلام آباد، محکمہ ڈاک میں رواں سال اے ٹی ایم سروس شروع کی جارہی ہے اور جلد عوام اس ادارے کی سروسز میں مزید جدت اورنمایاں بہتری دیکھیں گے،پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نصیر احمد خان
اسلام آباد(آئی آئی پی) پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نصیر احمد خان نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک میں رواں سال اے ٹی ایم سروس شروع کی جارہی ہے اور جلد عوام اس ادارے کی سروسز میں مزید جدت اورنمایاں بہتری دیکھیں گے، پوسٹل سروسز کوجدیدبنانے اور نئے دور کے تمام تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وہ منگل کو راولپنڈی جی پی او میں پوسٹ مینوں میں موٹر سائیکل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،جس میں پوسٹ ماسٹرجنرل حافظ ظفر علی ملک، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل اعجاز احمد کھوکھر،چیف پوسٹ ماسٹر اقلیم حسین اوردیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پوسٹل سروسز کوجدیدبنانے اور نئے دور کے تمام تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس بارے معلومات کیلئے پوسٹل ایپ کا اجرا انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11شہروں میں پک اپ سروسز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔متعدد شہروں میں سیم ڈے ڈیلیوری سروس کا اجرا ہو چکا ہے۔ 150ممالک کیلئے72گھنٹوں میں ڈاک کی تقسیم کیلئے ای ایم ایس پلس سروس شروع کی گئی ہے تا کہ عوام تیز ترین بین الاقوامی سروسز سے بھی مستفید ہو سکیں۔
………………………………………………………………………………
اسلام آباد،انسداد پولیو کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو وارننگ دینے کا سلسلہ جاری ہے،اب تک 31فیس بک اکاؤنٹس بلاک کئے جاچکے ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا
اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطانے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو وارننگ دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں اب تک 31فیس بک اکاؤنٹس بلاک کردیئے گئے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطانے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے پوری قوم متحد ہے، سوشل میڈیا پر انسداد پولیو مہم کی مخالفت اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیو مخالف پروپیگنڈا کرنے والی 31 فیس بک پیجز بلاک کردیئے گئے ہیں۔
…………………………………………………………………..
اسلام آباد،فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد 51 ہزار سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد(آئی آئی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد 51 ہزار سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری سکیم کے 31ہزار جبکہ نجی سکیم کے 20 ہزار سے زائد پی آئی اے، سعودی ایئر لائن اور ایئر بلیو کی مختلف پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مکتہ المکرم سے 26 ہزار حاجی مدینہ منورہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں 8 دن قیام کے بعد وطن روانہ ہوں گے۔ سرکاری سکیم کے ابھی تک 66ہزار حاجی مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ حج کے بعد فلائٹ آپریشن ملک کے 10 شہروں میں جاری ہے۔ حاجیوں کو وطن واپس پہنچانے کا کام 15 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔