لوکل کونسل ایسوسی ایشن کا ترقیاتی فنڈ ز پر 50 فیصد کٹوٹی پر شدید تشویش کا اظہار
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) پیرکے دن لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کا اجلاس سینئر نائب صدر صاحبزادہ صفی اللہ کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان ‘ ضلع ناظم چارسدہ فہد اعظم ‘ ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ‘ ضلع ناظم بونیر‘ضلع ناظم اپر دیر‘ضلع ناظم لوئر دیر‘مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ اوردیگر اضلاع کے ضلع ناظمین نے شرکت کی
اجلاس میں نگران صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز پر 50 فیصد کٹوٹی پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیا اور متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ فنڈز کی بندش سے عوامی مسائل سنگین صورتحال اختیار کرے گی انہوں نے کہاکہ فنڈز کی بندش بلدیاتی نظام کو ناکام کرنے کے مترادف ہے اجلاس میں نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا دوست محمد سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی فنڈز پر کٹوٹی کا فیصلہ فی الفور واپس لیاچائے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 فیصداے ڈی پی کو فورا نافذ العمل کیاجائے تاکہ عوامی مفاد کے منصوبے بلا تعطل جاری رکھیں جاسکیں انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی کٹوٹی کا فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں جلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیاجائیگا ۔