علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اسسٹنٹ حاجی یار خان مدت ملازمت مکمل کرکے سبکدوش ہوگئے
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی چترال کے اسسٹنٹ حاجی یار خان مدت ملازمت مکمل کرکے گزشتہ دن سبکدوش ہوگئے ۔ آ پ کاشمار اوپن یونیورسٹی کے بانی ملازمین میں ہوتا ہے ۔ جنھوں نے چترال جیسے دورآفتادہ علاقوں میں تعلیم کی روشنی پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ فاصلاتی نظام تعلیم کے زریعے انھوں نے چترال کے ہزاروں طلبا و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ انھیں پروفیشنل ٹریننگ تک رسائی میں بھی مدد کی ہے ۔
گزشتہ دن حاجی یار خان کیلئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس چترال میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں چترال کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی ۔ ریجنل ڈائریکٹر رفیع اللہ ، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی ، پروفیسر شمس النظر فاطمی اور ہیڈ ماسٹر ضیا ء الدین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے انکی گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا ۔ انھوں نے بتا یا کہ حاجی یار کا شمار یونیورسٹی کے بانی ملازمین میں ہوتا ہے ۔ انھوں نے 1987ء میں اوپن یونیورسٹی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ اور 32سال سروس کے بعد آج سبکدوش ہورہے ہیں۔ انھوں نے دفتر میں ہمیشہ خندہ پیشانی کے ساتھ ہر آنے والے کی بلاامتیاز خدمت کی جو آئندہ بھی یاد رکھا جائیگا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے دیگر سٹاف بھی ان کی نقش قدم پر چلتے ہوئے طلباء و طالبات کی خدمات کو اپنا شعار بنائیں گے۔
ڈائریکٹر نے انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج ایک انتہائی محسن اور اپنے کام سے کام رکھنے والے ساتھی کو خصت کررہے ہیں جو ہر مشکل وقت میں یونیورسٹی اور طلبا و طلبات کے درمیان بہترین روابط قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ اور اپنی ڈیوٹی کو کما حقہ بہترین طریقے سے انجام دیا ہے ۔ یونیورسٹی کیلئے انکی مثالی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ حاجی یارتمام شرکا، اسٹاف اور ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا.