Chitral Times

شندورپولو فیسٹیول 7جولائی سے منعقد ہوگا، سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں..کامران رحمن

Posted on

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانوان کامران الرحمان نے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا کو خیبرپختونخوا اور پاکستان سے امن کا پیغام جائے گا، این او سی کی شرط ختم ہونے سے امسال سیاحوں نے کثیر تعداد میں کیلاش کا دورہ کیا جبکہ 7 جولائی سے شندور میں ہونے والے پولو فیسٹیول میں بھی سیاحوں کی آمد متوقع ہے، اس لئے سیاحوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانفرنس ہال ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت بابر خان،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم، ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود، چیف پلائننگ آفیسر محکمہ سیاحت آصف شہاب،ایس ڈی پی او چترال فاروق جان، سینئر جنرل منیجر ٹورازم کارپوریشن حیات علی شاہ، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹریز سجاد حمید، ٹورازم آفیسر مارکیٹنگ اینڈ ایونٹس حسینہ شوکت اور دیگر حکام موجود تھے، اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سیاحت کامران الرحمان کو شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد بارے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری کامران الرحمان نے کہا کہ امسال شندور پولو فیسٹیول 7جولائی سے منعقد ہو گا اور فائنل 9جولائی کو کھیلا جائے گا، شندور پولو فیسٹیول کی تاریخ کو باقاعدہ پمفلٹ میں شائع کیا جائے گا تاکہ سیاح اور مقامی اس کی تاریخ سے آگاہ ہوں،شندور رخ کرنے والے مقامی اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں، گراؤنڈ پرسیاحوں اور خصوصاً خواتین کے بیٹھنے اور دیگر ضروریات کو ہر صورت ممکن بنایا جائے، انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر تمام انتظامات کا جائزہ لیں تاکہ جو کمی کوتائیاں گزشتہ سال ہوئی تھیں ان کو پورا کیا جائے، شندور میلے کیلئے آنے والے سیاح قیام شندور میں کرتے ہیں ان کیلئے ٹینٹ ویلیج کا قیام ضروری ہے، جبکہ ان کی خوراک کیلئے انتظامات کابھی خیال رکھا جائے، انہو ں نے کہاکہ 2010 سے پہلے سیکورٹی حالات صوبے میں کچھ اور تھے تاہم اب ملک کی سیکورٹی اور حالات کافی بہتر ہیں،سیکرٹری محکمہ سیاحت نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول بین الاقوامی شہرت یافتہ کھیل ہے،تین روزہ فیسٹیول میں کلچرل نائٹ سمیت علاقائی ہنرمندوں کو بھی پروموٹ کیا جائے،پولو فیسٹیول گزشتہ سال کی نسبت مزید احسن طریقے سے منعقد کیا جائے گا اوراس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال اپر اور لوئر، پاک فوج، چترال سکاؤٹس، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کا بھی تعاون حاصل رہے گا، ہماری کوشش ہے کہ امسال شندور پولو فیسٹیول میں ملکی سیاحوں کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاح بھی گزشتہ سال کی نسبت زیادہ شرکت کریں تاکہ اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے سمیت چترال میں سیاحت فروغ پا سکے، اس موقع پر انہوں نے فیسٹیول میں ٹینٹ ویلیج کے قیام، پولو گراؤنڈ کی تزہین و آرائش، واٹرسپلائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کئے، چترال ٹائمزڈآٹ کام ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیسٹیول سے متعلق سہولیات جن میں پانی کی سپلائی، ملکی سطح پر فیسٹیول کی رونمائی، پمفلٹ اور براؤشرز کی چھپائی، انفراسٹرکچر،گراؤنڈ کی تزہین وآرائش و لیولنگ،پاور سپلائی جنریٹر،ٹیلیفون کنکشن،ٹرانسپورٹ، میڈیا اور سوشل میڈیا کوریج،کھانے پینے کا انتظام،سیکورٹی،لوکل ٹرانسپورٹ،سیاحوں اوروی وی آئی پیز کیلئے ٹرانسپورٹ سروسز،شام کے اوقات میں کلچر نائٹ، آتش بازی،پیراگلائیڈنگ، چترال ڈانس اور دیگر پرفارمنس،فوڈسٹالز،چترال اور گلگت کی مقامی ثقافتی اشیاء کے سٹالزاور دیگر اہم امور زیر غورآئے، اجلاس میں ان تمام امور کی مکمل تکمیل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیا گیا۔
shandur festival meeting2
shandur festival meeting

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
22360