آغا خان ہیلتھ سروس نے سول ہسپتال گوپس کے انتظامی اختیارات گلگت بلتستان حکومت کو منتقل کر دیے
آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان نے سول ہسپتال گوپس کے انتظامی اختیارات گلگت بلتستان حکومت کو منتقل کر دیے
گلگت (چترال ٹائمزرپورٹ ) آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کے ایک اعلان کے مطابق محکمہ صحت، حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاہدے کے قبل از وقت خاتمے کے بعد ادارے نے سول اسپتال گوپس (Civil Hospital, Gupis) کے انتظامات حکومت کو واپس منتقل کر دیے ہیں۔
حکومت گلگت بلتستان اور آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاہدے پر 2012 میں دستخط کیے گئے تھے جس کا مقصد سول ہسپتال گوپس کو از سرنو منظم کرنا تھا۔ آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان نے گزشتہ 12 سالوں کے دوران ہسپتال کے انفراسٹرکچر پر 34 ملین روپے، آلات کی فراہمی و تنصیب پر 28 ملین روپے اور انتظامی خسارے کو پورا کرنے، اسے نئے آلات کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرنے اور جامع دیکھ بھال میں مدد کی فراہمی اور انسولیشن کے لیے اپنی بنیادی فنڈنگ سے 128 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ابتداء سے اب تک، اپ گریڈ کیے گئے سول ہسپتال گوپس نے اپنے بیرونی اور داخل شدہ مریضوں، اور 24 گھنٹے ہنگامی خدمات کی صورت میں معیاری دیکھ بھال فراہم کی ہے، جس میں ہر ماہ اوسطاً 200 سے زائد داخلے، 25 عام زچگیاں اور ہر ماہ 1500 بیرونی مریضوں کے دورے شامل ہیں۔
اس کامیابی کے باوجود ، محکمہ صحت، حکومت گلگت بلتستان نےمؤرخہ 26 اپریل ، 2024 ءکو آغا خان ہیلتھ سروس ، پاکستان کو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس جاری کیا۔ مئی، 2024ء میں آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کی درخواست پر صورتحال کا مزید جائزہ لینے اور اس کے حل کی کوشش کرنے کے لیے اضافی اجلاس منعقد کیے گئے تھے، تاہم ،محکمہ صحت نے جون 2024 ءکے تیسرے ہفتے تک اسپتال کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔
اس بارے میں آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ،ندیم عباس نے کہا کہ ”ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے، ہم گوپس یاسین (Gupis-Yasin)کمیونٹی کےایک اہم رکن رہے ہیں اور سول اسپتال کے ذریعے000,002 سے زائد لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں۔“ انہوں نےمزید کہا کہ“ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت کے ساتھ ہمارےمثبت تعلقات جاری رہیں گے جو ہماری سب سے قابل قدر ساتھی ہے تاکہ گلگت بلتستان میں رہنے والی متنوع برادریوں کی بہتر خدمت کی جاسکے۔“
منتقلی کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر ، آغا خان ہیلتھ سروس ، پاکستان سول اسپتال گوپس کے ارد گرد علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی میں کسی بھی خلل ی کی احتیاط سے نگرانی کرے گا ، اور اُس کو ممکنہ حد تک کم سے کم کرنے کے لئے ایک حکمت عملی تیار کرے گا۔ آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان محکمہ صحت اور حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور خطے میں اعلیٰ معیار کی صحت کی دیکھ بھال کے تسلسل کو یقینی بنانے کی غرض سے حکومت کے سروس ڈیلیوری ماڈل کی تکمیل کے لیے آپشنز تجویز کرنے کے لیے پرامید ہے ۔