پی پی اے ایف کی جانب سے آگہی کیلئے ریڈیو کے زریعے خصوصی نشریات کا آغاز
غربت کے خاتمے کے لیے کامیاب اقدامات اور پائیدار ترقی سے متعلق عوام میں آگہی بڑھانے کے لئے ریڈیو پاکستان نشریات
اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ) پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے اپنے کامیاب اقدامات اور پائیدار ترقی سے متعلق عوام میں آگہی بڑھانے کے لئے ریڈیو پاکستان کے 30سے زائد میڈیم ویوز اور ایف ایم 101کے ریڈیو اسٹیشنز سے نشریات کا آغاز کررہا ہے۔ “روشن راہیں ” کے عنوان سے ترتیب دیا گیا پروگرام چھ قسطوں پر مشتمل ہے جس میں ادارے کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں ادارے کے قدامات سے مستفید ہونے والے افراد بھی حصہ لیں گے۔
25جون تا 30جون تک جاری رہنے والی اس ریڈیو سیریز کا مقصد ملک میں غربت کے خاتمے کی کاوشوں میں پی پی اے ایف کے کردار کو ازسرنو اجاگر کرنا، عوام کو سماجی و مالیاتی شمولیت کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور پی پی ایف کی کاوشوں سے غربت سے چھٹکارا پانے والے لوگوں کی کہانیوں کے ذریعے سماجی سطح پر مزید تعاون اور حمایت حاصل کرنا ہے۔ ریڈیو پروگرام پی پی اے ایف کی جانب سے لوگوں کی ترقی کے عمل میں شمولیت کے فروغ اور جدید سہولیات کے استعمال سے پائیدار ترقی اور اعلیٰ معیار ِ زندگی کے حصول کی کاوشوں کو بھی سامنے لائے گا۔
روشن راہیں سیریز میں پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے اعلیٰ حکام، ارشاد خان عباسی، منزہ علی، محمد وسیم، کاشان نجیب، لبنیٰ نثار، نفیس احمد خان، طاہر ملک، فرید صابر اور رابعہ بابر شریک ہیں،جو روزانہ پی پی اے ایف کے خصوصی منصوبوں سے متعلق آگاہی دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی پروجیکٹ کے مستفید افراد کے انٹرویوز بھی نشر ہوں گے۔ اس سیریز میں جن بعض منصوبوں کا احاطہ کیا جائے گا ان میں احساس آمدن پروگرام، احساس بلاسود قرض پروگرام، پروگرام فار پاورٹی ریڈکشن (پی پی آر)، پسماندہ علاقے میں آمدن اور انفراسٹرکچر کے فروغ کے پروگرام اور دیگر منصوبے شامل ہیں جن کے متعلق بتایا جائے کہ کیسے ان اقدامات سے پسماندہ ترین علاقوں میں ترقی کی بنیاد رکھی گئی۔
ریڈیو سیریز سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) میں سینئر منیجر کمیونی کیشن اینڈ میڈیا، رابعہ بابر نے کہا، “اس ریڈیو سیریز سے ہمیں پی پی اے ایف کے کام اور ملک میں پسماندہ طبقے کی سماجی و معاشی بہتری لانے کے لئے اپنے کردار سے متعلق آگہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم زیادہ سے زیادہ گھرانوں تک رسائی چاہتے ہیں اور مقامی لوگوں کی شرکت اوران کی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے ان کی ترقی کے لئے دیر پا سہولیات پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں ان مستفید افراد کی کامیابی کو سامنے لانے سے مقامی سطح پر اپنے پروگرامز میں ہمیں مزید تعاون حاصل ہوگا اور ان میں مزید لوگ شامل ہوں گے۔”
‘روشن راہیں ‘سیریز کی ہر قسط 20 منٹ پر محیط ہے اور یہ ریڈیو پاکستان اور ایف ایم 101چینلز پر شام ساڑھے چار بجے نشر ہوگی۔ سامعین یہ پروگرام پی پی اے ایف کے ساؤنڈ کلاؤڈ چینل پر بھی سن سکتے ہیں۔