Chitral Times

رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور سربراہان کی نئی فہرست جاری، چئیرمین پی ٹی آئی کا خانہ خالی

Posted on

رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور سربراہان کی نئی فہرست جاری، چئیرمین پی ٹی آئی کا خانہ خالی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست اپ ڈیٹ کرکے جاری کردی، دیگر جماعتوں میں تبدیلیاں اپ ڈیٹ کردی ہیں مگر پی ٹی آئی کے چیئرمین کا نام اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں 166 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی انتخابات تسلیم کرلیے، میاں محمد نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کرلیے الیکشن کمیشن نے کئی سیاسی جماعتوں کے نئے پارٹی صدر یا چئیرمین کے نام بھی اپ ڈیٹ کر دئیے لیکن پاکستان تحریک انصاف کیپارٹی چئیرمین کا نام تاحال اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ، جماعت اسلامی کے امیر نعیم الرحمان خان کا نام بطور پارٹی سربراہ، محمود خان کا نام بطور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین اپ ڈیٹ کردیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا نام بطور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین موجود ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا نام بطور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی شامل ہے۔ اسفندیار ولی خان کا نام تاحال بطور صدر عوامی نیشنل پارٹی موجود ہے اور پاک سر زمین پارٹی بھی رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں شامل ہے۔

 

 

الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد(سی ایم لنکس) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک مالی سال 2023ء اور 2024ء کے لئے اکاؤنٹس کے مربوط گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعہ 210 کے مطابق گوشوارے جمع کرانے ضروری ہیں، گوشواروں پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرف سے آڈٹ اور پارٹی سربراہ کے دستخط ہونے ضروری ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ فارم ڈی پر گوشوارے جمع کرائے جائیں گے، جو الیکشن کمیشن کے دفاتر سے مفت دستیاب ہیں، فارم میں اوور رائیٹنگ قابل قبول نہیں، آڈیٹر کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے، ہر بینک سٹیٹمنٹ کی کاپی اور بینک ریکنسیلیشن سٹیٹمنٹ بھی مہیا کرنا ہوگی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ گوشوارے الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیدار کے ذریعے جمع کرائے جائیں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92389