Chitral Times

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2024 کے تحت دیامر کے طلبہ کے لئے معیاری اور مفت اعلی تعلیم فراہم کرنے کا اعلان

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2024 کے تحت دیامر کے طلبہ کے لئے معیاری اور مفت اعلی تعلیم فراہم کرنے کا اعلان

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور اسکالرشپ دیامر کے طلبہ کے لئے امید کی کرن ہے. پروفیسر عبداللہ خان

 

گلگت(امیرجان حقانی سے)  سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2024 کے تحت دیامر کے طلبہ کے لئے  معیاری اور مفت اعلی تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ملک بھر سے 340 ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کو منتخب کرکے تربیتی کورس کروایا جائے گا، جس میں ریاضی، انگلش، اور کمپیوٹر کی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس پروگرام میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 200 طلبہ کو چار سالہ فل اسکالرشپ کے ساتھ بیچلر ڈگری پروگرام میں داخلہ دیا جائے گا۔

 

*گورنمنٹ ڈگری کالج چلاس میں آگاہی سیشن کا انعقاد*

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے نمائندہ وفد نے گورنمنٹ ڈگری کالج چلاس کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل پروفیسر عبداللہ خان کی زیرِ صدارت ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سیشن میں کالج کے تمام طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسکالرشپ، عطاء اللہ نے کہا کہ نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2024 کا مقصد گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے ذہین و ضرورت مند طلبہ و طالبات کو مفت معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

 

کالج کے پرنسپل، پروفیسر عبداللہ خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی جانب سے دیامر کے طلبہ کو اس موقع کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ “دیامر کے طلبہ کے لئے اعلی تعلیم کے مواقع کا نہ ملنا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو وہ مواقع میسر آئیں گے، جو انہیں معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی فراہم کریں گے۔”

 

 

پروفیسر عبداللہ خان نے تعلیم کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “تعلیم ہر معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اور اسکالرشپ جیسے مواقع پسماندہ علاقوں کے طلبہ کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ دیامر کے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو یہ اسکالرشپ حاصل ہو تاکہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں۔” انہوں نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی سے درخواست کی کہ وہ دیامر کے طلبہ کو مزید اسکالرشپ فراہم کریں تاکہ اس علاقے کے ہونہار طلبہ بھی اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا انعقاد گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے ایک بڑی امید کی کرن ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ انہیں مستقبل کے لئے تیار بھی کرے گا۔ او جی ڈی سی ایل اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اس اقدام سے دیامر جیسے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو ترقی کے نئے مواقع ملیں گے، جو ان کے تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

او جی ڈی سی ایل نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2024 کا آغاز ایک اہم اقدام ہے جو پاکستان کے مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا۔ ایسے اقدامات کی بدولت نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ بھی عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

 

 

chitraltimes sakhar IBA university schlorship program GB 1

chitraltimes sakhar IBA university schlorship program GB 2

 

 

 

 

Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
94109