دروش ایکشن فورم کا اجلاس، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف کل سے دروش میں دھرنے کا اعلان
دروش ایکشن فورم کا اجلاس، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف کل سے دروش میں دھرنے کا اعلان
دروش (چترال ٹائمزرپورٹ ) دروش ایکشن فورم کا ایک اہم اجلاس پیر کے روز زیر صدارت تجار یونین دروش حاجی گل نواز خان بمقام لال پلازہ نیو بازار دروش منعقد ہوا۔جس میں تحصیل دروش کے تمام سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ راہنماؤں نے شرکت کی۔ویلج کونسل جنجریت کے چیئرمین عمران الملک کی دعوت پر منعقدہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد دروش میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ تھا۔اجلاس کے مہمان خصوصی سید فرید جان تحصیل میئر دروش تھے۔اجلاس صبح دس بجے شروع ہو کر دوپہر دو بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔ہر پارٹی کے راہنماؤں کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا گیا۔آخر میں متفقہ طور پر طے پایا کہ کل بروز منگل صبح 9 بجے دروش چوک میں دھرنے کا آغاز ہو گا۔اسکے بعد مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پہیہ جام ہو گا۔شرکاء نے عہد کیا کہ وہ عوامی مسائل کیلئے اپنے تمام اختلافات پس پشت ڈالیں گے۔چار مطالبات پر اتفاق کیا گیا۔
جن میں دروش میں زیرو لوڈشیڈنگ ، ایس ڈی او واپڈا کا فوری تبادلہ، بجلی فی یونٹ 6 روپے کرنا، بجلی رائلٹی میں قانون کے مطابق حصہ داری، پرانے بقایاجات کیلئے بھی 6 روپے یونٹ کے حساب سے ریکوری، شرکاء نے متفقہ طور پر ایک کمیٹی بنائی جس میں ہر پارٹی سے دو افراد کو شامل کیا گیا۔