خیبرپختونخوا میں یکم جولائی سے ابتک بارشوں کے دوران 88 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں یکم جولائی سے ابتک بارشوں کے دوران 88 افراد جاں بحق
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے اب تک بارشوں کے دوران 88 افراد جاں بحق اور 129 زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے ابتک بارشوں سے نقصانات میں 88 افرادجاں بحق ہوئے جن میں 43 بچے، 19خواتین اور26مردشامل ہیں، بارشوں کے باعث 129افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 61 بچے29خواتین اور 39 مرد شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں سے 260 گھرمکمل تباہ جبکہ 698 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 7 سکولوں کو بھی جزوی اور 85دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مختلف واقعات میں 147 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون کا ساتواں الرٹ جاری کردیا
کراچی(سی ایم لنکس)محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون کا ساتواں الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے، طوفان گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھا، سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 300 کلومیٹر، اورماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 230 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب مشرق سے 300 کلومیٹر دور ہے۔سمندری طوفان مغرب اور جنوب مغرب کی سمت میں بڑھ رہا ہے، طوفان کے زیر اثر آج وقفے وقفے سے کراچی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، بدین،ٹھٹھہ، سجاول،حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک،تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے دوران 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ ہوا کے جھکڑ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی چل سکتے ہیں، سمندر میں شدید طغیانی رہنے کا امکان ہے، اس دوران سندھ کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، یکم ستمبر تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا امکان ہے۔