Chitral Times

خیبرپختونخوا حکومت کی غریب گھرانوں کےلئے سولرائزیشن سکیم کے تحت سولر پینل ماڈل ڈیزائن اور آن لائن سسٹم کا افتتاح

Posted on

خیبرپختونخوا حکومت کی غریب گھرانوں کےلئے سولرائزیشن سکیم کے تحت سولر پینل ماڈل ڈیزائن اور آن لائن سسٹم کا افتتاح

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے چیف منسٹر سولرائزیشن سکیم کے تحت ماڈل ڈیزائن اور آن لائن اپلیکیشن سسٹم کا افتتاح کردیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے سکیم کے تحت مستحق گھرانوں سے درخواستوں کی وصولی کے نظام (ویب اپلیکشن ) کا اجراءکیا اور ماڈل ڈیزائن کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکیم کے تحت مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد میں توسیع کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 30,000 گھرانے ضم اضلاع سے شامل کئے جانے کے بعد کل 130,000 خاندان سکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔ چیف منسٹر سولرائزیشن اسکیم کے تحت غریب گھرانوں کو 2kv کی استعداد کے حامل مکمل سولر سسٹم فراہم کئے جائیں گے۔سولر سسٹم مکمل پیکج کے طور پر دیا جائے گا جس میں سولر پینلز بمعہ وائرنگ ، پینلز کیلئے سٹینڈ ، انورٹر ، پنکھے اور بلب شامل ہوں گے ۔ یہ سولرائزیشن سکیم صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں غریب عوام کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کا حصہ ہے۔

 

دور درازعلاقوں کے وہ غریب گھرانے جو بجلی تک رسائی نہیں رکھتے یا بجلی کے بھاری بل ادا کرنے سے قاصر ہیں اور اپنی کمزور مالی حالت کی وجہ سے سولر بھی نہیں خرید سکتے ، ان کو ترجیحی بنیادوں پر سولر پینل فراہم کئے جائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سکیم کے تکنیکی پہلوؤں اور مالی امور کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تکنیکی ماہرین نے سولر مشینری کی خصوصیات ، اس کے تخمینہ لاگت اور اس کی تنصیب کے طریقہ کار اور درخواست کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقیات سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سکیم کے تحت گرم ، لائن لاسسز والے اور پسماندہ ترین علاقوں کو ترجیح دی جائے ۔

 

 

 

 

 

chitraltimes cm kp ali amin inagurating solarization scheme and design chitraltimes cm kp ali amin inagurating solarization scheme design

 

درایں اثنا وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے سوات میں بارات کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثہ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی بخشش اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جنوبی وزیرستان میں چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس اور شہداءکے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات کی بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر وتحمل کے ساتھ یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے انتہائی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، انہی جوانوں کی قربانیوں کی بدولت قوم نے جشنِ آزادی پر امن ماحول میں منایا۔ قوم ان جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے میں امن و امان کی بہتری خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلع سوات کے علاقہ مٹہ میں پولیس چیک پوسٹ سمبٹ پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل کی شہادت جبکہ ضلع باجوڑ کے تھانہ خار کی حدود میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لوئر دیر میں بھی پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعہمیں ہیڈ کانسٹیبل کی شہادت پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی سلامتی و تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہم ان شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور ان کے پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں پولیس فورس کو سہولیات کے ضمن میں مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92171