Chitral Times

خیبر پختونخوا میں زراعت، صنعت، سیاحت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت خود بھی ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کررہی ہے۔وزیراعلیٰ 

Posted on

خیبر پختونخوا میں زراعت، صنعت، سیاحت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت خود بھی ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کررہی ہے۔وزیراعلیٰ

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپوڑٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ہفتہ کے روز رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا جہاں ان سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مختلف شعبوں کے چینی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تور ڈھیر کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی سید امتیاز حسین شاہ، محکمہ صنعت اور وفاقی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، خیبر پختونخوا میں زراعت، صنعت، سیاحت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت خود بھی ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی آمدن کو بڑھاناحکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اوراس مقصد کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو فروغ دینے پر ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا بھی خیر مقدم کرے گی، حکومت نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس کے علاوہ صنعتی شعبے کے فروغ کے لئے مقامی صنعتوں کو سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،

 

اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی بجلی کی پیداوار کو بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔مقامی صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی اپنی گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،صوبائی حکومت اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی۔  چینی ماہرین کے وفد کا دورہ صوبے میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا، مستقبل میں بھی اس طرح کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں کام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گا۔ وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں زراعت، آبی وسائل اور صنعتی شعبوں میں باہمی اشتراک کار اور سرمایہ کاری کے بہت ذیادہ مواقع موجود ہیں جبکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو ایکسپلور کرنے کے لئے مزید وفود صوبے کا دورہ کریں گے۔ قبل ازیں ، وزیر اعلیٰ نے  رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں قائم صنعتی یونٹوں کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے ان صنعتی یونٹوں کے بارے بریفنگ لی۔

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
91669