Chitral Times

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ملک بھر میں 250 ای روزگار مراکز کے قیام کا اعلان کر دیا

Posted on

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ملک بھر میں 250 ای روزگار مراکز کے قیام کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں اور نجی اداروں کے تعاون سے ملک بھر میں 250 سے زائد ای روزگار سینٹرز کے قیام کا اعلان کیا ہے۔وزارت آئی ٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق ان مراکز کا مقصد چھوٹے شہروں میں محنتی اور ہنر مند نوجوانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ڈیجیٹل مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے۔ای روزگار مراکز ملک کے ہر ضلع میں قائم کئے جائیں گے، ان مراکز کی تقسیم ہر صوبے کی آبادی کے ساتھ ساتھ اگنائٹ کے ساتھ رجسٹرڈ 12 لاکھ فری لانسرز کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔پنجاب 149 مراکز کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد سندھ 51، خیبر پختونخوا 28،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 11، بلوچستان 6، آزاد کشمیر 3 اور گلگت بلتستان 2 مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب میں شروع کیے گئے ای روزگار سینٹرز انتہائی کامیاب ثابت ہوئے ہیں جس سے لاکھوں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں،یہ مراکز خاص طور پر ان لوگوں کے لئے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو مہنگے دفتری مقامات کے متحمل نہیں ہو سکتے، جو انہیں آئی ٹی کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے اور ڈیجیٹل افرادی قوت میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔توقع ہے کہ اس اقدام سے مزید نوجوانوں کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے آئی ٹی شعبے سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جائے گا۔

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92342