ایجو کیشنل ڈیو یلپمنٹ فورم آوی کے زیر اہتمام علمی پروگرام کا انعقاد
چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) سب ڈویژن مستوج کے خوبصورت سر زمین آوی میں یونیورسٹی کے طلبہ کی تنظیم ایجو کیشنل ڈویلپمنٹ فورم کی طرف سے گزشتہ دن ایک علمی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز اظہر الدین نےتلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد سوہانہ اور اس کی ساتھیوں نے پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا اور گورنمنٹ مڈل سکول آوی کے طلباء نے مہمانان ِ گرامی کو خوش آمدید کہا ۔
پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے تنظیم کے جنرل سیکرٹری اور پشاور یونیورسٹی کے طالب علم عرفان الدین نے کہا کہ عرصے سے آوی کے نوجوانوں کو ایک علمی پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت شدت کے ساتھ محسوس ہو رہی تھی.۔خوش قسمتی سے ایجو کیشنل ڈویلپمنٹ فورم آوی نے اس ضرورت کو آج پورا کیا ۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد تعلیم کے میدان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کریئر کے انتخاب میں ان نوجوانوں کی مدد اور تعلیمی میدان میں کامیاب بچوں اوربچیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔اس کے علاوہ اس تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہم گوناگونی کو قبول کرکے تکثیریت کو فروغ دیں گے۔
ایجو کیشنل ڈویلپمنٹ فورم آوی کے صدر سید وسیم اکرم نے جو کہ نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم ہے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے ذریعے ہم اپنے علاقے کے نوجوانوں کے تعلیمی کاموں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کرکے جو گولز ہم نے سیٹ کیے ہیں ان کو حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔
تقریب کے مہمان مقرر آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول سین لشٹ کے اسٹوڈنٹس کاؤنسلر محمد جلال الدین شامل نے ایجو کیشنل ڈویلپمنٹ فورم آوی کے عہدیداران کی کاوش کو سراہا اور انہیں شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جو مقاصد آپ نے اس تنظیم کے لیے رکھے ہیں ان میں تعلیم کو اولیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ کے مطالعے سے ہی ہم پر واضح ہوتا ہے کہ علم مذہبی اور معاشرتی حوالے سے انسان کی ترقی میں کتنا اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے کریئر کاؤنسلنگ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباو طالبات کے وژن کو وسعت دینے کے حوالے سے کرئیر کاؤنسلنگ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔اس سے نہ صرف میڈیکل اور انجینئرنگ کی فیلڈ بلکہ ہر فیلڈ میں بندہ نام پیدا کرسکتا ہے ۔
ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر شیر وزیر نے اپنے زمانے میں مشکل حالات کا موجودہ زمانے سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ روایتی ٹیچنگ کا انداز آج کے دور میں مکمل تبدیل ہوگیا ہے ۔ آج ہمیں نوجوان نسل کو جدید زمانے کے تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایجوکیشنل فورم کے نوجوان کو اس حوالے سے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ۔ اس فورم کےذریعے ہم نوجوان نسل کی ہمہ جہت تعلیمی ترقی کے حوالے سے کام کریں گے ۔
تنظیم کی طرف سے تعلیمی میدان میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباؤ طالبات کو انعامات سے بھی نوازا گیا ۔آخر میں آغا اسرار نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف ظہرانے کے بعد پروگرا م اپنے اختتام کو پہنچا ۔