الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج و درستگی کوائف کے لئے آخری تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کردی
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسپلے سنٹرز کا دورانیہ 30اپریل تک بڑھا دیا ہے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اندراج یاکوائف کی درستگی سے رہ نہ جائے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوہاٹ حبیب الرحمن خٹک کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈسپلے سنٹروں پر ووٹ کے اندراج ،اعتراض ،اخراج اور درستگی کوائف کے فارمزجمع کروانے کی آخری تاریخ میں 30اپریل 2018تک توسیع کردی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈسپلے سنٹروں سے اپنے ووٹ کے اندراج کے لئے فارم15،اعتراض یا ووٹ کے اخراج کے لئے فارم 16 اور کوائف کی درستگی کے لئے فارم 17 حاصل کرکے اپنے قریبی ڈسپلے سنٹروں پرہی یا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس اوٹی ایس روڈ کوہاٹ میں جمع کرائیں ۔ان کا مزید کہناتھاکہ لوگ مذکورہ دفتر کے ان نمبروں 0922860735/03121585752پررابطہ کرکے اپنے قریبی ڈسپلے سنٹروں کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔