سیکرٹری خزانہ کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات، انتخابی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی
سیکرٹری خزانہ کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات، انتخابی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپوٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے مختص فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس لے لیا۔الیکشن کمیشن کی طلبی پر سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کمیشن پہنچے اور الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی، جس کے دوران فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق مسئلے پر بات چیت ہوئی۔سیکرٹری خزانہ نے یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن کیلئے فنڈز جلد جاری کر دیں گے، کمیشن کو جتنے فنڈز درکار ہونگے، دو دن میں جاری کر دیں گے۔وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے مختص شدہ رقم تاحال ریلیز نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق اس مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں اور بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آٹھ فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں۔اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا اور وزارت خزانہ کو اس رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاددہانی بھی کرائی گئی تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔چیف الیکشن کمیشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس صورت حال سے وزیر اعظم پاکستان کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم کو آج تفصیلی خط بھی لکھا جا رہا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخواکا صوبے میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے صوبے میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نومبر کے مہینے میں 14224 گاڑیوں کا دھواں لیبارٹری میں چیک کیا 7884 گاڑیوں کو پاس کرکے سرٹیفیکٹ جاری کئے جبکہ 6340 گاڑیوں کو چالان کرکے انکے ڈرائیوروں سے دستاویزات تحویل میں لیکر ایک ہفتے کے اندر سرٹیفیکٹ حاصل کرنے احکامات جاری کئے ویہکل ایمیشن ٹیسٹنگ سٹیشن (ویٹس) پشاور سے جاری ہونے والی ماہانہ رپورٹ کے مطابق ضلع پشاور میں 5315 گاڑیوں کا دھواں چیک کیا جن میں 2264 گاڑیوں کو پاس کیا جبکہ 3050 گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چالان کیا اسی طرح ضلع سوات میں 1980 گاڑیوں کا دھواں چیک کیا جن میں 1230 پاس جبکہ 750 کو چالان کیا ملاکنڈ میں 1095 گاڑیوں کو چیک کیا 699 پاس اور 396 کو چالان کیا ویٹس کی ٹیم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 955 گاڑیوں کا دھواں چیک کیا جن میں 650 پاس اور 350 کو چالان کیا ایبٹ آباد میں 416 گاڑیوں کو چیک کیا 225 پاس اور 191 کو چالان کیا ضلع مردان میں 1183 گاڑیوں کا دھواں چیک کیا جن میں 765 کو پاس قرار دیا اور 418 کو چالان کیا کوہاٹ میں 936 گاڑیوں کو چیک کیا 596 پاس اور 340 کو چالان کیا ضلع بنوں میں 1191کو چیک کیا 785 کو پاس اور کو چالان کیا ضلع مانسہرہ میں 1153 گاڑیوں چیک کیا جن میں 669 کو پاس کیا جبکہ 484 گاڑیوں کو چالان کرکے ویٹس لیبارٹری سے ایک ہفتے کے اندر فٹنس سرٹیفکٹ حاصل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
لاہور ہائیکورٹ کا پانی ضائع کرنے والے گھروں پر 10 ہزار روپے جرمانے کا حکم
لاہور(سی ایم لنکس)لاہور ہائی کورٹ نے پانی ضائع پر گھریلو صارفین پر دس ہزار روپے جرمانہ اور کمرشل صارفین پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کردیا۔ اسموگ سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پانی ضائع کرنے والے گھریلو صارفین پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے اسی طرح پانی کا بے دریغ استعمال کرنے والے کمرشل صارفین پر بیس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے۔کیفے سیل کرنے کے معاملے پر ممبر ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ رات دس بجے کے بعد عدالتی حکم پر جوہر ٹاؤن میں 36 کیفے سیل کیے گئے لیکن کیفے مالکان نے ہائی کورٹ سے ہی انہیں ڈی سیل کروانے کا حکم لیا۔جسٹس شاہد کریم نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ مصنوعی بارش کا کیا بنا کب برسا رہے ہیں؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پلاننگ جاری ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ میں عوامی پیسہ خرچ کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، آپ اسموگ کے تدراک کے لیے اقدامات کرلیں وہی بہت ہیں، اس شہر کو پتا نہیں کیا بنانا چاہتے ہیں حتیٰ کہ اسموگ کے سیزن میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔کمشنر لاہور کے وکیل نے کہا کہ ہم نے رات کے وقت ترقیاتی منصوبوں پر کام کروانے کا نوٹی فکیشن جاری کررکھا ہے۔عدالت نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر کارروائی آٹھ دسمبر تک ملتوی کردی۔