اظہارِ تشکر ۔ عدنان زین العابدین اینڈ فیملی
گزشتہ دو مہینے ہمارے لیے بہت آزمائیش بھرے تھے کیوں کہ ہماری پیاری بہن مسز شہناز صدرالدین ہزاروں میل دُور دیارِ غیر میں کورونا وبا کی وجہ سے امریکہ کے میمفِس اسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔ بالآخر گیارہ نومبر ۲۰۲۱ کو اُنھوں نے اپنی جان، جانِ آفرین کے حوالے کردی۔
خاندان کے فرد کا کم عمری میں انتقال کرنا انتہائی پُر سوز اور عظیم سانحہ تھا۔ ایسے وقت میں جب کہ ہم اپنے آپ کوتنہا محسوس کر رہے تھے اور انتہائی رنجیدہ تھے ، آپ کی ہم دردیاں اور معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ہم سے غم خواری کا اظہار کسی غنیمت سے کم نہ تھا۔غیر مشروط محبت اور ہمت بندھانے کے عظیم جذبے کے بدلے میں ہمارے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں جب کہ ہماری بچی کے ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے سے لے کر راہِ عدم کُوچ کر جانے تک آپ کی جانب سے ملنے والے دلاسے اور تعزیتی پیغامات، ٹیلی فون کالز، بہ نفسِ نفیس فاتحہ خوانی کے لیے ہمارے گھروں پہ تشریف آوری اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والے تعزیتی پیغامات اور مرحومہ کے لیے خراجِ تحسین نے نہ صرف ہمیں حوصلہ دیا بلکہ اس عظیم سانحے پر صبر و برداشت کا دامن تھامے رہنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اگرچہ ہمارے لیے فرداً فرداً سب کا شکریہ ادا کرنا ممکن نہیں، تاہم ! چترال کے موقر اخبار چترال ٹائمز ڈاٹ کام کی وساطت سے مرحومہ کے تمام لواحقین آپ کی محبت، ہم دردیوں، تعزیتی پیغامات، پاکستان بھر اور مختلف ممالک میں موجود ہمارے خاندان کے افراد کے گھروں میں تشریف آوری کا نہ صرف شکریہ ادا کرتے ہیں بلکہ آپ کی چاہتوں کے مقروض بھی ہیں۔
ہم امریکہ میں مقیم پاکستانی اور اسماعیلی کمیونٹی کے بالعموم اور چترالی کمیونٹی کے بالخصوص شکر گزار ہیں جنھوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے بھائی صدرالدین کو مسلسل حوصلہ دیا اور ان کے غم میں برابر کے شریک رہے۔ اس کے علاوہ ہم امریکہ میں مقیم مسٹر اینڈ مسز عبد اللہ کی خدمات اور امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہسپتال میں علاج سے لے کر آخری رسومات اور تدفین تک جناب روزی من شاہ نے جس طرح ہمارے بھائی کا ساتھ دیا وہ یقیناً قابلِ ستائش ہے۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر شیرازی کی مہربانیاں اور خدمات بھی انتہائی قابلِ تعریف ہیں۔ اُنھوں نے جس طرح ہماری بہن کے علاج کے لیے دن رات محنت کی اور ان کی جان بچانے کی حتی الامکان کوشش کی اس کے لیے ہم ان کے بہت ممنون ہیں۔
آئیے! اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہماری بہن کی تمام خطائیں معاف فرمائے، ان کو غریقِ رحمت کرے اور ان کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، آمین۔
بارِ دگر آپ سب کا فرداً فرداً شکریہ
خیر اندیش