آغاخان ہیلتھ سروس چترال کے زیراہتمام وادی بروغل میں فری میڈیکل کیمپ کاانعقاد
چترال(چترال ٹائمزرپورٹ ) آغاخان ہیلتھ سروس چترال کے زیراہتمام گورنمنٹ آف کینیڈاکی تعاون سے کام کرنے والی AQCESS پراجیکٹ کی مالی معاونت سے چترال کے انتہائی دورافتادہ علاقے بروغل میں دوروزہ فری میڈیکل کیمپ کاانعقادکیاگیا۔
جس میں مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات دئے گئے۔اس فری میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹرنویداحمدکی سربراہی میں اے کے ایچ ایس پی کے نرسز،ایل ایچ وی اوردیگراسٹاف نے 300کے قریب مر یضوں کا معائنہ کرکے مفت ادویات فراہم کئے۔ اس میں بوڑھے،بچے اور خواتین مریض شامل تھے۔اس موقع پرپروگرام کواڈینٹر AQCESS پراجیکٹ میرفیاض نے کہاکہ اے کے ایچ ایس پی چترال کے انتہائی پسماندہ اوردورافتادہ علاقوں میں صحت کے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہرممکن کوششوں میںمصروف ہے .۔
میڈیکل کیمپ لگانے کا مقصد لوگوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے طریقے،ماں اور بچے کی صحت، رہائشی علاقوں کی صفائی، اور غذائی کمی سے متعلق معلومات دینا تھا۔وادی بروغل کے مکینوں کاکہناتھاکہ میڈیکل کیمپ کاانعقادغریب اورنادارافرادکے لئے نہایت مفیدہے. کیمپ کے انعقادپرآغاخان ہیلتھ سروس چترال کے شکرگزارہیں۔