مستوج: چترال سکاؤٹس یوتھ فٹبال چیمپئن شپ اختتام پذیر، چترال سکاؤٹس 144 ونگ مستوج کی ٹیم ایک گول کی برتری سے ٹائٹل اپنے نام کرلیا
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) مستوج میں منعقدہ چترال اسکاؤٹس یوتھ فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل میچ آج مستوج گراؤنڈ میں فیلی ایف سی کوشت اور چترال اسکاؤٹس 144 ونگ کے درمیان کھیلا گیا۔
دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل، نظم و ضبط اور بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ مقررہ وقت تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا۔ پینلٹی شوٹ آؤٹ میں چترال اسکاؤٹس 144 ونگ نے تین کے مقابلے میں چار گول کر کے کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
مستوج گراؤنڈ میں شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کی عمدہ کارکردگی پر زبردست داد دی اور میچ کے دوران بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
تقریبِ اختتام کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلم، ونگ کمانڈر 144 ونگ، تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے کھیل، نظم و ضبط اور جذبے کو سراہا اور کامیاب ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔مہمانوں میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج آفضل علی ودیگر بھی موجود تھے جنھوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اورانعامات تقسیم کی۔
اعجاز (چترال اسکاؤٹس 144 ونگ) کو “میچ کا بہترین کھلاڑی” قرار دیا گیا، جبکہ خالد جمیل (فیلی ایف سی کوشت) نے ٹورنامنٹ کے “بہترین کھلاڑی” کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ ٹورنامنٹ 10 اکتوبر سے شروع ہوا تھا، جس میں پورے چترال سے 29 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایونٹ نے علاقے کے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
چترال اسکاؤٹس کی یہ کاوش نہ صرف ایک یادگار کھیلوں کا ایونٹ ثابت ہوئی بلکہ نوجوان نسل کی توانائی کو تعمیری اور قومی سمت دینے کا ایک قابلِ تقلید اقدام بھی ہے۔
