ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف چترال پولیس کی موثر کارروائی، حلفیہ توبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) انچارچ ٹریفک وارڈن پولیس اے ایس آئی فضل کریم کی سربراہی میں ٹریفک آفیسر جعفر نبی اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر خطرناک کرتب دکھانے اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔
پولیس کے مطابق ون ویلنگ میں ملوث نوجوانوں اظہر، امتیاز، نوید اور تنزیل کو ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر موقع پر ہی بھاری جرمانے کیے گئے۔ یہ نوجوان شہر کے مختلف مقامات پر موٹرسائیکل پر خطرناک کرتب دکھا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔
بعد ازاں، نوجوانوں کو تھانہ سٹی چترال منتقل کیا گیا، جہاں ایس ایچ او انسپکٹر علی احمد کی موجودگی میں انہوں نے حلف اُٹھا کر آئندہ ون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے باز رہنے کا وعدہ کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے جو نہ صرف کھلاڑی بلکہ سڑک پر موجود دیگر شہریوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
چترال پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کریں اور انہیں اس خطرناک اور غیر قانونی فعل سے باز رکھیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
