AKUایگزامینشن بورڈ نے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ،
کراچی ( چترال ٹائمز رپورٹ ) آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) نے سال 2018 میں ہونے والے سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایچ ایس ایس سی) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ دونوں امتحانات میں اول دوم اور سوم پوزیشنز کے ساتھ طالبات نے برتری حاصل کی ہیں۔ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 95.1 فیصد رہی جس میں 73.8 فیصد طلبا نے B گریڈ یا اس سے بہتر گریڈ حاصل کیا۔ مریم صدیقہ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، پنجاب کی مایا احمد نے ایس ایس سی امتحانات میں شاندار انداز سے 1100 میں سے 1033 مارکس ( 94.27 فیصد ) حاصل کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ مایا احمد نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، “آج کا دن میرے لیے بے پناہ خوشی اور مسرت کا حامل ہے۔ میں اس موقعے پر اپنے والدین، بہن، اسکول کی پرنسپل اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے میری بھرپور معاونت کی۔ میں اے کے یو۔ای بی کی بھی بے حد مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے ‘سمجھ اور فہم’ کے ساتھ ساتھ ‘علم کے حصول’ کے معانی سے آشنا کیا!”
پی ای سی ایچ ایس گرلز اسکول، کراچی کی یمنی خبیر نے ایس ایس سی امتحانات میں 1100 میں سے 1019 مارکس ( 92.64 فیصد) حاصل کر کے دوم پوزیشن حاصل کی جبکہ المرتضی اسکول، کراچی کی زہرہ عباس نے 1100 میں سے1010 مارکس ( 91.82 فیصد) حاصل کر کے دوم پوزیشن حاصل کی۔
ایچ ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 95.5 فیصد رہی جس میں 77.1 فیصد طلبا نے B گریڈ یا اس سے بہتر گریڈ حاصل کیا۔نصرت جہاں کالج، پنجاب کی مریم احسان نے ایچ ایس ایس سی امتحانات میں شاندار انداز سے 1100 میں سے 1018 مارکس ( 92.55 فیصد )حاصل کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول ، کراچی کی طالبات فریحہ ہاشمی اور علینہ فاطمہ نے 1100 میں سے بالترتیب 1013 اور 1010 مارکس حاصل کر کے دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کیں۔ علینہ فاطمہ نے ایچ ایس ایس سی پری میڈیکل گروپ ہائی اچیورز میں 600 میں سے 570 مارکس حاصل کر کے سوم پوزیشن بھی حاصل کی۔
اے کے یو۔ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے تمام طلبا کو دل سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “اے کے یو۔ ای بی ایک مقامی بورڈ ہے جو قومی تعلیمی معیار میں بہتری اور معیاری امتحانی جانچ کی فراہمی کے لیے مصروف عمل ہے۔ ہمارے طلبا کی کامیابی اس امر کی ضمانت ہے کہ ہم اپنے مشن میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے لیے اے کے یو۔ای بی کے امتحانات پاکستان کے امتحانی نظام میں بہتری کی لیے اعتماد فراہم کرتے ہیں۔ اے کے یو۔ای بی کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر، اسیسمنٹ ڈاکٹر نوید یوسف نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نتائج کئی اعتبار سے ہماری کامیابی کامظہر ہیں۔ پاکستان بھر کے مختلف طلبا کے بہترین مارکس سے اس امر کی عکاسی ہوتی ہے کہ پاکستان بھر کے طلبا اپنے معیار کو بلند کررہے ہیں۔ کراچی کے ساحلوں سے لے کر گلگت۔بلتستان کے پہاڑوں تک کے طلبا، ان کے اساتذہ اور اداروں سے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ نے اپنا آپ ثابت کر دکھایا ہے۔