
9 بار شندور کا ٹائٹل چترال کے نام کروانے والا گھوڑا’’صاحب‘‘مرگیا
رپورٹ: فیاضاحمد
چترال: ضلع چترال میں ہر سال پولو کے کانٹے دار مقابلے دنیا کے بلند ترین میدان شندور کے مقام پرمنعقد ہوتے ہیں، اسی کھیل کا ناقابل شکست ہیرو اور فاتح گھوڑا آ ج مرگیا جو ’’صاحب‘‘ کے نام سے مشہور تھا، اس گھوڑے نے جب بھی مقابلے میں حصہ لیا تو جیت چترال کے نام ہوئی، ’’صاحب‘‘ نے 9 بار شندور کا ٹائٹل چترال کے نام کروایا، اس چمپیئن گھوڑے کے مالک شہزادہ سکندر الملک ہیں جو چترال پولو ٹیم کے کپتان اور گزشتہ 2 دہائیوں سے اس کھیل سے وابستہ ہیں۔
شہزادہ سکندر کہتے ہیں کہ صاحب پہلی بار 2005ء میں پولو مقابلے کیلئے میدان میں اترا، اس کی بدولت ہم کئی میچوں میں فتح سے ہمکنار ہوچکے ہیں، ناصرف شندور فیسٹیول بلکہ ضلع سے باہر مقابلوں میں بھی ’’صاحب‘‘ نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
کپتان سکندر الملک نے سماء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’صاحب‘‘ صرف ایک گھوڑا نہیں بلکہ اچھا ساتھی تھا، اس کی خاص بات یہ تھی کہ وہ بڑی جسامت کے ساتھ ساتھ نہایت چست اور چالاک تھا اور اکثر کھیل کے دوران وہ حالات کو بھانپ لیتا تھا، میچ پریشر کے باوجود وہ ہمت نہ ہارتا اور یہی اس کی خاصیت تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’صاحب‘‘ کے مرجانے پر وہ رنجیدہ ہیں کیونکہ اس سال شندور فیسٹیول میں وہ آخری بار صاحب کو لیکر کھیلنا چاہتے تھے، انہوں نے افسردہ لہجے میں کہا کہ وہ بھی اسی سال ریٹائرمنٹ لینا چاہتے تھے لیکن کیا خبر تھی ’’صاحب‘‘ مجھے چھوڑ کر چلا جایئگا۔
سکندر الملک کے مطابق گھوڑے کی دیکھ بھال نہایت مشکل کام ہے، انہوں نے شکوہ کیا کہ پولو کھیل کے فروغ کیلئے حکومتی سطح پر کوئی کام نہیں ہوا، گھوڑا پالنے کیلئے ماہانہ 15 ہزار روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں جبکہ دوسری جانب پولو کھلاڑیوں کیلئے کوئی سہولیات موجود نہیں ہیں۔(بشکریہ سماء)
…………………………………………………….
دیکھئے “صاحب” کے بارے میں دنیا نیوز کی رپورٹ:
https://www.facebook.com/chitraltimes/videos/411330252932775/