Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

25رکنی وفاقی کابینہ کا امکان، ایم کیو ایم کو 5 وزارتیں دینے پر غور، جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کردیا

Posted on
شیئر کریں:

25رکنی وفاقی کابینہ کا امکان، ایم کیو ایم کو 5 وزارتیں دینے پر غور، جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کردیا

لاہور( چترال ٹائمزرپورٹ) عام انتخابات کے بعد ملک میں بننے والی نئی وفاقی کابینہ میں ایم کیو ایم کو 5 وزاتیں دیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے مختلف اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔ملاقات میں متوقع وفاقی کابینہ کے لیے اہم افراد کے نام زیر غور آئے ہیں۔ وفاق میں پہلے مرحلے میں 25رکنی کابینہ بنائے جانے کا امکان ہے جس کے اندر ایم کیو ایم کو 3 سے 5 وفاقی وزارتیں دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، سید مصطفی کمال، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن کے نام زیر غور آئے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کے 15 سینیئر رہنماؤں کے نام وفاقی وزیر کے لیے زیر غور آئے۔اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، شزا خواجہ، ریاض الحق جج، بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، راجہ قمر السلام اور رانا تنویر حسین کے نام وفاقی وزیر کے لیے زیر غور ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔

 

جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کردیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اس انتخابات میں دھاندلی کے ریکارڈ بنے، انتخابی عمل یرغمال بنا رہا، الیکشن کو شفاف قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، اب فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مرکزی مجلس عاملہ نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے، انتخابی دھاندلی نے 2018 کی انتخابی دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اپنی اہمیت کھو دی ہے، پارلیمنٹ میں شرکت احتجاج کے ساتھ ہوگی، جے یو آئی پارلیمانی کردار ادا کرے گی لیکن اسمبلیوں میں شرکت تحفظات کے ساتھ ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے خلاف سازش عالمی اسلام دشمن قوتوں نے کی، اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں تو 9 مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا۔مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھیں۔سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ ہم مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے تابع دار نہیں ہیں، اس وقت ہم کسی جماعت کے اتحادی نہیں ہیں۔

 

علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نامزد کردیا، عمران خان

راولپنڈی(چترال ٹائمزرپورٹ) بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو وزیراعلی کے پی نامزد کر دیا۔عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ان سے اتحاد نہیں ہو سکتا، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کو ان تین جماعتوں کے سوا باقی سب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا اور معیشت پر برا اثر پڑے گا، منی لانڈرنگ سنڈیکیٹ کو لانے کی کوشش ہو رہی ہے، شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا منی لانڈرر ہے، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈالرز ہیں اور یہ ڈالرز بیرون ملک بھیجتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، نواز شریف کے پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں، جب رزلٹ رکنا شروع ہوئے تو یقین ہو گیا کہ پی ٹی آئی جیت گئی ہے، عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔حکومت بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں، ہم سپریم کورٹ بھی جائیں گے، وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا، وزیراعلی خیبر پختون خوا کے لیے میں نے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں کسی بھی اعلی سرکاری عہدے دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا، بشری بی بی کی بھی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست سماعت ہے۔

 

پی کے 21 کا سرکاری نتیجہ جاری، جماعت اسلامی کے امیدوار کی جیت ہار میں تبدیل

باجوڑ(سی ایم لنکس)باجوڑ کے حلقے پی کے 21 کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا۔سرکاری نتیجے میں کامیاب جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان کی جیت ہار میں تبدیل ہو گئی۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اجمل خان 16712 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان 8128 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

وزارت مذہبی امور نے حج تربیتی ورکشاپس کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)وزارت مذہبی امور نے حج تربیتی ورکشاپس کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔وزارت کے ترجمان کے مطابق منگل 13 فروری کو بہاولنگر میں تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ 14 فروری کو اٹک پیراڈائز میرج ہال، 18 فروری کو ایبٹ آباد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور 24 فروری کو باغ آزاد کشمیر میں ڈگری کالج فار بوائز راولاکوٹ میں منعقد ہوں گی۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85291