Chitral Times

Feb 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شکایات درج کروانے کیلئے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، ڈی جی کنڑول روم  الیکشن کمیشن

Posted on
شیئر کریں:

شکایات درج کروانے کیلئے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، ڈی جی کنڑول روم  الیکشن کمیشن

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) ہارون شنواری نے کہا ہے کہ شکایات درج کروانے کیلیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل بھی کیا جاسکتا ہے۔ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کی مانیٹرنگ کیلیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف آرٹ سسٹم میں مانیٹرنگ کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، شکایات درج کروانے کیلیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں۔ہارون شنواری کا کہنا تھا کہ ای میل اور یونیورسل فون نمبر پر ملک بھر سے شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر چار کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں، 32 ریجنل مانیٹرنگ کنٹرول رومز الیکشن کی نگرانی کر رہے ہیں، 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں شکایات کے ازالے کیلیے اقدامات کر رہی ہیں۔ہارون شنواری کا کہنا تھا کہ 26 دسمبر سے اب تک 625 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، 252 امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 156 لوگوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم نے کہا کہ 12 ہزار 236 وال چاکنگ اور ہورڈنگز کو ہٹایا گیا ہے، اب تک 221 شکایات موصول ہوئیں، 198 شکایات حل کردی گئی ہیں۔ہارون شنواری نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں واقعات پر آئی جیز، چیف سیکرٹریز کو نوٹسز جاری کیے گئے۔انکا کہنا تھا کہ 8 فروری کو پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر ہوں گی۔ ضلعی، صوبائی اور مرکزی سطح پر انتخابات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

 

الیکشن کمیشن نے نگراں حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روک دیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس) الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی حکومت کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری کرنے سے روک دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے نجکاری سے متعلق کسی قسم کا معاہدہ کرنے سے روکتے ہوئے کابینہ کا پی آئی اے سے متعلق نجکاری کا پلان طلب کرلیا ہے۔


شیئر کریں: