Chitral Times

Feb 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخوا میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کے لیئے صوبائی حکومت اور نجی کمپنی کے مابین باہمی اشتراک کے ذریعے کام کرنے پر اتفاق 

Posted on
شیئر کریں:

خیبر پختونخوا میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کے لیئے صوبائی حکومت اور نجی کمپنی کے مابین باہمی اشتراک کے ذریعے کام کرنے پر اتفاق

پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کے لیئے ہنرمندوں اور تکنیکی طلبہ کو درکار تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور نجی کمپنی الیکٹرک وہیکل اکیڈمی اسلام آباد کے مابین باہمی اشتراک کے ذریعے کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے جس کے ذریعے صوبے میں روایتی گاڑیوں سے برقی گاڑیوں کی جانب منتقلی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے میں خیبر پختونخوا محکمہ صنعت وحرفت و فنی تعلیم اور ای وی اکیڈمی درکار تربیت کی فراہمی کیلئے مشترکہ طور پر کام کریں گے جسکے سلسلے میں تربیت گاہوں کیلئے جگہ اور تربیت کے بنیادی آلات محکمہ کا شعبہ فنی تعلیم فراہم کرے گا جبکہ نجی کمپنی اس میں تکنیکی طلبہ اور ٹرینرز کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے درکار ٹریننگ فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبد اللہ نے اسلام آباد میں نجی کمپنی ای وی اکیڈمی کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اور انکے ساتھ صوبے میں برقی گاڑیوں کی تیاری اور اس کیلئے ہنرمندوں کی تربیت کے حوالے سے باہمی کوششوں کے امکانات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں اکیڈمی کے ڈائریکٹر برائے امریکہ سعد الہی،ڈائریکٹر سید عمار حسین جعفری اور منیجر آپریشنز اکرام اللہ نے شرکت کی۔ اس دوران صوبے میں برقی گاڑیوں کی تیاری کیلئے ضروری ہنر مندوں اور ٹرینرز کی تربیت کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ نگران وزیر نے صوبے میں باہمی تعاون کی ممکنہ اس کاوش کو انتہائی مفید قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کے آٹوموٹیو انڈسٹری کے تجربے سے آراستہ مذکورہ کمپنی کے ٹرینرز کی صلاحیتوں سے صوبے میں برقی گاڑیوں کی تیاری کیلئے مقامی ہنر مند تیار ہو سکیں گے اور یہاں پر ان کی تیاری کو فروغ حاصل ہوگا۔واضح رہے کہ ای وی اکیڈمی آٹو موٹیو انڈسٹری میں جدید ٹکنالوجیز کے تربیتی کورسز فراہم کرتی ہے جس کے پاس برقی گاڑیوں کی تیاری کیلئے امریکہ کے تجربات سے آراستہ پیشہ ورانہ تیکنیکی ماہرین اور ٹرینرز موجود ہیں۔

طورخم بارڈر، کارگو ڈرائیورز کیلئے بھی ویزا پاسپورٹ کی شرط لازمی قرار

طور خم(سی ایم لنکس)سرحدی گزر گاہ طور خم پر کارگو گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے بھی ویزا پاسپورٹ کی شرط لازمی قرار دے دی گئی ہے۔کسٹم حکام کے مطابق ڈرائیورز ویزا پالیسی کی شرط پر عمل درآمد آج سے شروع ہو گیا ہے، طورخم سرحد پر ڈرائیورز کے سفری دستاویزات چیک کیے جائیں گے۔کسٹم حکام کا بتانا ہے کہ کارگو گاڑی کے ڈرائیورز کے لیے ویزا شرط وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے۔حکام کے مطابق طور خم پر افغان حکام نے ویزے نہ دینے کا الزام لگا کر دوطرفہ تجارت معطل کر دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا خاور مانیکا کا بیان جھوٹ ہے: شیر افضل مروت

راولپنڈی(سی ایم لنکس)وکیل شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا خاور مانیکا کا بیان جھوٹ ہے۔بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو جمہوریت کے بجائے تنزلی کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کو مائنس کرنے اور قائدین کے گھریلو معاملات پر بلاجواز مداخلت کی جا رہی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چیئرمین وکلاء کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسے جلوس اور کارنر میٹنگ فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا پہلا جلسہ یکم دسمبر کو پشاور میں ہو گا، پی ٹی آئی جلد ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری کرے گی۔بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا ہے کہ جلسوں میں رکاوٹ ڈالی گئی تو سپریم کورٹ جائیں گے۔

 

ڈپٹی چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تنخواہ، مراعات کی منظوری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی کابینہ نے ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تنخواہ اور مراعات کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کو 15 لاکھ روپے ماہانہ اور مراعات جبکہ پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام شاہ کے لیے 16 لاکھ 58 ہزار روپے تنخواہ اور مراعات دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین نیب کو 500 لیٹر پیٹرول، بجلی، گیس اور دیگر الاؤنس ہائی کورٹ کے جج کے مساوی ملیں گے جبکہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کو 600 لیٹر پیٹرول، گاڑی بمعہ ڈرائیور، بجلی، گیس اور دیگر الاؤنس سپریم کورٹ جج کے مساوی ملیں گے، دونوں کو ریکوری پر بونس بھی ملے گا۔وزارت قانون کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی۔چیئرمین نیب نذیر احمد کی سفارش پر تنخواہ اور مراعات کی منظوری دی گئی ہے۔

 


شیئر کریں: