Chitral Times

Dec 2, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یونیورسٹیوں کومالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ریسرچ کوکمرشلائزکرنے سمیت متبادل وسائل پیدا کرنے ہوں گے، گورنرحاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

یونیورسٹیوں کومالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ریسرچ کوکمرشلائزکرنے سمیت متبادل وسائل پیدا کرنے ہوں گے، گورنرحاجی غلام علی

گورنر حاجی غلام علی سے فپواسا خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفد کی گورنرہاوس میں ملاقات

وفد نے یونیورسٹیوں کے فیکلٹی اراکین کو درپیش مسائل بالخصوص تنخواہوں میں حکومت کی جانب سے 35 فیصد اضافہ کی عدم ادائیگی سے متعلق آگاہ کیا

گورنرسے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسرڈاکٹرجہان بخت، کوہاٹ چیمبرآف کامرس اورآرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے نمائندہ وفود، سیاراحمد اورعارف علی خان کی بھی الگ الگ ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈیمیک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفدنے پیرکے روز گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ فپواسا خیبرپختونخوا کے صدر پروفیسر فیروز شاہ کی قیادت میں ملنے والے وفد میں ڈاکٹربشیراحمد،پروفیسر اظہاراحمد،پروفیسر صلاح الدین، پروفیسرصادق علی،ارباب امیرخسرو اورارباب عباس شامل تھے۔ وفد نے یونیورسٹیوں میں فیکلٹی اراکین کو درپیش مسائل بالخصوص تنخواہوں میں حکومت کی جانب سے35 فیصد اضافہ کی عدم ادائیگی سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹیوں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ نہیں ہوا۔ صوبے کی بڑی یونیورسٹیاں یونیورسٹی آف ہری پور، زرعی یونیورسٹی پشاور، یونیورسٹی آف پشاور، اسلامیہ کالج اورگومل یونیورسٹی نے بھی پنشن واجبات کے بوجھ کی وجہ سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا اور تنخواہیں بھی وقت پر نہیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے گورنر سے صوبائی حکومت کیجانب سے پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کو ہائرایجوکیشن کمیشن کی طرز باقاعدہ بنیادوں پر گرانٹ جاری کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی بھی درخواست کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ انہیں اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ صوبہ کی پبلک سیکٹرز یونیورسٹیاں مالی خسارے سے دوچار ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سے بھی درخواست کی ہے کہ صوبے کی یونیورسٹیوں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کر کے یونیورسٹیوں کو ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کرنے کے قابل بنایا جائے تاکہ یونیورسٹیوں کے اساتذہ مالی مسائل سے نکل کر دلجمعی سے درس و تدریس کا عمل جاری رکھ سکیں۔ یونیورسٹیوں کے مالی مشکلات کا خاتمہ اْن کی اولین ترجیح ہے۔ یونیورسٹیوں کے موجودہ مالی حالات کو دیکھ کر انتہائی افسوس ہوتاہے، حکومتی امداد کے باوجود صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیاں مالی خسارے کا شکارہیں۔ ہم سب کو ملکر مشترکہ طور پر یونیورسٹیوں کو ان مشکلات سے نکالنے اور بہتری کی جانب گامزن کرنے کیلئے کردار ادا کرناہوگا۔گورنرنے کہاکہ وہ یونیورسٹیوں کے وسائل کو بڑھانے کیلئے متبادل طریقے تلاش کرنے کیلئے یونیورسٹیوں کو انڈسٹریز کے ساتھ لنک بنانے اور ریسرچ کو کمرشلائزکرنے پر بھی زور دے رہے ہیں تاکہ یونیورسٹیاں اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔

 

گورنرنے کہاکہ یونیورسٹیوں کی مشکلات کے حل، بہترین تعلیمی نظام، ریسرچ کے شعبہ کو بہتر کرنا، فیکلٹی اراکین کو تمام سہولیات کی فراہمی اور طلباء و طالبات کوبہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے صوبے کی تمام پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے مشاورت کی تھی تاکہ یونیورسٹیوں کے درپیش مالی مشکلات کا مستقل طور پر حل نکالاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں کا معاشرے میں ایک باوقار مقام ہے کیونکہ آپ لوگ اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں ملک کا مستقبل تعمیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاشبہ ہم سب کا واحد مقصد اپنے بچوں کا بہترین مستقبل بنانا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے صوبہ میں بہترین اساتذہ، پروفیسرز اور نوجوان ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔وفد کے شرکاء نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور اُن کی معروضات غور سے سننے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور صوبے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری اورجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے گورنرکے وژن کوسراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

علاوہ ا زیں گورنرسے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسرڈاکٹرجہان بخت،کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر انجینئر سید فائق شاہ،بانی چیمبر رشیدپراچہ،سلیم شاہ، بلال بنگش اورعبداللہ، آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین طارق جمال، جنرل سیکرٹری شازمہ حلیم،ارشد حسین، حمیداللہ خان اور فوزیہ گلالئی، سیاراحمد اورعارف علی خان نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔

 

گورنرہاؤس پشاور میں نگران صوبائی کابینہ کے 10ویں رکن کی تقریب حلف برداری

گورنرنے نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروزجمال شاہ کاکاخیل سے ان کے عہدے کاحلف لیا

تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر)سید ارشدحسین شاہ،نگران صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری اورصوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان کی شرکت

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرہاؤس پشاور میں پیرکے روز نگران صوبائی کابینہ کے 10ویں رکن کی تقریب حلف برداری منعقدہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزیربیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے انکے عہدے کا حلف لیا۔نگران وزیراعلٰی جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔ حلف برداری کے بعد گورنرحاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزیر کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں نگران صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اورانتظامی محکموں کے سربراہان سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں سابق نگران وزیراعلٰی محمداعظم خان مرحوم کی مغفرت و درجات بلندی کی دعا بھی کی گئی۔

 

Governor KP talking oath from the info minister jamal


شیئر کریں: