
اس سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے سے کم کرکے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کر دیا گیا۔ انیق احمد
اس سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے سے کم کرکے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کر دیا گیا۔ انیق احمد
کراچی(چترال ٹائمزرپورٹ)نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ نگران وفاقی کابینہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،کابینہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بزنس فورم اور تھنک ٹینک کے زیراہتمام گزشتہ رات ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے کوشاں ہے،مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دن پچھلے دنوں سے بہتر ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر خزانہ، نجکاری اور دیگر وزرا ملک کی ترقی کے لیے بہتر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ اس سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے سے کم کرکے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار حج پیکج کی رقم میں کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ عازمین حج کے ہوائی ٹکٹوں میں کمی کے لیے ایئر لائن کمپنیوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ہونے والی رقم حجاج کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال تقریباً 90 ہزار حجاج حج پر جائیں گے اور ان سب کو انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ سمیں مفت فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ایپلیکیشن (ایپ) کے اجرا کے ساتھ حج کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد کراچی کو امیگریشن زون قرار دیا گیا ہے اور امید ہے کہ لاہور کو بھی جلد ہی قرار دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین حجاج کو عبایا فراہم کرے گی جس کے سر کے پچھلے حصے پر پاکستانی پرچم ہوگا۔اس موقع پر تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی خطاب کیا اور وزیر پر زور دیا کہ وہ کراچی کے مسائل حل کریں، جس کے حل کے لیے وفاقی وزیر نے کابینہ میں لے جانے کا وعدہ کیا۔
پاکستان پر اسرائیل کو اسلحہ فراہمی کے گھناؤنے الزام کی حقیقت آشکار
اسلام آباد(سی ایم لنکس)فلسطین کے معاملے پر سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف جاری پروپیگنڈے کی اصل حقیقت آشکار ہوگئی۔غزہ کی جنگ کے دوران اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اندرون ملک اور بیرون ملک سے چند عناصر گھناؤنا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ایک سیاسی جماعت کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے جس میں پاکستان پر اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا گھناؤنا الزام لگایا گیا۔سوشل میڈیا پر ایک جہاز میں اسلحہ پاکستان سے اسرائیل لے جانے کی جھوٹی اور من گھڑت کہانی بیان کی گئی جسے بھارتی میڈیا نے خبر بنا کر پیش کر دیا۔ درحقیقت یہ بحرین سے راولپنڈی جانے والی پرواز اسلحے کی کھیپ کی اسرائیل منتقلی نہیں بلکہ افغان مہاجرین کے برطانوی انخلاء کا حصہ ہے۔پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر پْر زور مذمت کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ پاکستان کے اس واضح موقف کے باوجود سوشل میڈیا پر یہود اور ہنود کی طرف سے گْمراہ کن پروپیگنڈا جاری اور ساری ہے۔در حقیقت پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ من گھڑت جھوٹے پروپیگنڈا کا مقصد اپنے مذموم سیاسی مقاصد کا حصول اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔