
پاکستان ایک بار پھر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب
پاکستان ایک بار پھر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب
پیرس(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان کو 2023 سے 2027 تک کی مدت کے لیے ایک بار پھر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کر لیا گیا۔فرانس میں یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب نے بیان میں بتایا کہ پاکستان نے اکثریت میں ووٹ حاصل کیے۔ بیان میں پاکستان کی حمایت اور اعتماد کے لیے رکن ممالک کاشکریہ ادا کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایگزیکٹو بورڈ میں خدمات انجام دینے کی ذمہ داری سونپی جانا پاکستان کے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پالیسی سازی، اصولوں کی ترقی،عالمی ترجیحات کو فروغ دینے اور تنظیم کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی موثر نگرانی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان بنی نوع انسان کی فکری اور اخلاقی یکجہتی،تعلیم، سائنس، ثقافت اور مواصلات کے ذریعے عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک عالمی فورم کے طور پر یونیسکو کے اہم کردار کی ہمیشہ قدر کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کثیر جہتی کے حامی کے طور پر پاکستان دنیا کے مختلف خطوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور ٹھوس اور حقیقی نتائج کے حصول کے لئے بنیادی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ بیان میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ ایک شراکت دار کے طور پر پاکستان ایس ا?ئی ڈی ایس آپریشنل حکمت عملی اور عالمی ترجیحات۔ افریقہ اور صنفی مساوات کے لیے فعال تعاون جاری رکھے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ کی حمایت اور اس جیسے عالمی فورم پر اس کے تعمیری کردار کا ثبوت ہے
پیپلز پارٹی کا عام انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ
کراچی(سی ایم لنکس)پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں کراچی میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کراچی میں کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی، انتخابی اتحاد کرنے پر پیپلزپارٹی کو ووٹ تقسیم ہونے کا خدشہ ہے اس بنا پر پارٹی نے کسی بھی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی میں مختلف حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے، پیپلزپارٹی کراچی میں اے این پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی کی خواہش پر کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ہو سکتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کراچی میں اے این پی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی آفر نہیں کرے گی۔پی پی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں ن لیگ، ایم کیو ایم کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو خطرہ نہیں، سندھ میں ایم کیو ایم کا ن لیگ سے انتخابی اتحاد پانی کا بلبلہ ہے، کراچی میں ن لیگ کا قابل زکر ووٹ بینک نہیں ہے۔”اس لیے ن لیگ کراچی یا سندھ کی کسی سیٹ پر پیپلزپارٹی کیلئے نقصان دہ نہیں، ن لیگ کسی نشست پر ایم کیو ایم کو جتوانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، کراچی میں پی پی، ایم کیو ایم کے بعد اے این پی کا ووٹ اہمیت رکھتا ہے“۔پی پی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پاس کراچی کے تمام حلقوں پر امیدوار موجود ہیں، پی پی کی اے این پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ایم کیو ایم کیلئے نقصان دہ ہو گی۔