Chitral Times

Dec 8, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

غیرقانونی غیرملکیوں کی بے دخلی عالمی اصولوں کے مطابق ہے، پاکستان

Posted on
شیئر کریں:

غیرقانونی غیرملکیوں کی بے دخلی عالمی اصولوں کے مطابق ہے، پاکستان

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیرملکیوں کی بے دخلی کے مثبت اثرات ہوں گے۔ممتاز زہرا بلوچ نے اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے منصوبہ کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہوتاہے، اس منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جارہا۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے خودمختار قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے، پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ان خراب صورتحال کے شکار افراد کی سیکیورٹی اور تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہے، چالیس سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی اسکا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتحال کو تحفظ فراہم کرنے اور حل کرنے اور پائیدار حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرے، پاکستان اس حوالے سے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ یو این ایچ سی آر کی ترجمان نے پاکستان سے غیر ملکی شہریوں ’کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔یو این ایچ سی آر کی ترجمان روینہ شامداسانی نے کہا کہ پاکستان کو اس منصوبے کو معطل کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ڈیڈلائن گزرنے کے بعد پاکستان میں رہ جانے والے 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم افغان شہری بلاامتیاز متاثر ہوں گے۔یاد رہے کہ حکومت نے غیر قانونی غیرملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لئے کل 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔۔اب تک 92,928 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

 

لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ)لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔کیس کی سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی۔عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو لال حویلی کیس دوبارہ سننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے دائر درخواست کو دوبارہ سْنا جائے۔لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے کہا کہ درخواست گزار کو اپنا مو قف پیش کرنے کا پورا پورا موقع دیا جائے، بھارت میں قانون بن گیا، وہاں ایویکیو پراپرٹیز کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا۔عدالت نے کہا کہ ہمارے ہاں محکمے قانون کے مطابق نہیں چلتے جب مرضی سرگرم ہو جاتے ہیں۔سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد لال حویلی پہنچ گئے، اس موقع پر ان کے ہمراہ شہری بھی لال حویلی کے باہر موجود تھے۔لال حویلی آپریشن کے خلاف شیخ رشید آج ہائی کورٹ راولپنڈی پیش ہوئے تھے۔واضح رہے کہ متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے 20 ستمبر کو لال حویلی کو سیل کیا تھا۔

چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنا دیا: شیخ رشید

راولپنڈی(سی ایم لنکس)سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنا دیا، کوئی زیادتی نہیں کی گئی، میں چلے پر ضرور گیا تھا لیکن جن نہیں ہوں کہ 3 جگہوں پر موجود ہوتا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج اللّٰہ نے مدد کی اور لال حویلی کو کھول دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم نسلی اور اصلی ہیں، سب اللّٰہ پر چھوڑتے ہیں، میں جیل بھی گیا تو بھی دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لال حویلی ذاتی ملکیت ہے، میرے والدین اور بھائیوں کے جنازے یہاں سے اٹھے، پنڈی وال قبر کی دیوار تک دوستی اور دشمنی نبھاتا ہے، ہمیں اس بات ہر فخر ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ سی پی او کو پتہ ہے کہ 17 ستمبر سے 22 اکتوبر تک میں ان کے پاس تھا یا کہاں تھا، ہم نے کبھی فوج کے خلاف بات نہیں کی، 30 کلو وزن کم ہو گیا ہے، آج کالج کا کوٹ پہنا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ دعا کریں میری سرجری نہ ہو، اگر سرجری ہوتی ہے، تو سب مجھے معاف کریں، راشد شفیق کی والدہ کے بعد اس کے والد کی طبعیت بہت خراب ہے، 5 اکتوبر کے کیس میں گرفتاری مطلوب ہے، کال کریں اسی وقت تھانے آ جاؤں گا، میرے ڈرائیور اور ملازمین کو گرفتار نہ کریں۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو لال حویلی کیس دوبارہ سننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے دائر درخواست کو دوبارہ سْنا جائے۔

 


شیئر کریں: