Chitral Times

Dec 8, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرغلام علی کا ایوب میدیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور طلبہ کیلئے سکالرشپس فراہم کرنے کی یقین دہانی

شیئر کریں:

گورنرغلام علی کا ایوب میدیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور طلبہ کیلئے سکالرشپس فراہم کرنے کی یقین دہانی

میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں، گورنرحاجی غلام علی

گورنر کی ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کے 8ویں کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

سیشن 2012 سے سیشن 2022 کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی تعلیم مکمل کرنیوالے 500 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم،100 طلبہ کو گولڈمیڈلزپہنائے

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے اندر انسانیت کی خدمت کاجذبہ ہمیشہ زندہ رکھناچاہئیے۔اسلام میں انسانیت کی خدمت کوعظیم عبادت کادرجہ دیاگیاہے، پوری دنیا میں سب سے افضل کام دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے،میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوان دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں،میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوانوں نے موجودہ دور کے طبی چیلینجزکا سامنا کرنا ہے،میڈیکل میں تحقیق و نئی ایجادات سے آگے بڑھنا ہو گا اوربیماریوں کی تشخیص و علاج معالجہ میں دنیا کا مقابلہ کرنا ہے۔میڈیکل کے شعبہ سمیت تمام شعبوں میں غریب و متوسط طبقہ کو تمام مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز دورہ ایبٹ آباد کے دوران ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈین/سی ای او ایوب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرعمر فاروق،چئیرمین بورڈ آف گورنرز مشتاق جدون، کمشنر ہزارہ ڈویڑن ظہیر الاسلام، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، فیکلٹی اراکین، والدین اور طلباء نے شرکت کی۔گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2012 سے سیشن 2022 کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی تعلیم مکمل کرنیوالے 500 طلباء طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 100 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز بھی پہنائے۔تقریب میں ڈین ایوب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرعمرایوب نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گورنر اور دیگر مہمانوں کاخیرمقدم کیا، اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پرروشنی ڈالی جبکہ سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی گورنر کو پیش کی۔ڈین ایوب میڈیکل کالج نے گورنر کو ادارہ میں زلزلہ سے متاثرہ عمارتوں کی ازسر نو تعمیر میں فنڈز کی فراہمی، کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور طلبہ کیلئے سکالرشپس فراہم کرنیکے مطالبات بھی پیش کئے۔ گورنر نے اس موقع پر ادارہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تمام مطالبات کی جامع رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کامیابی حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکبادپیش کی اور کہاکہ والدین نے سختیاں و مشکلات برداشت کر کے اپنے بچوں کو میڈیکل کی تعلیم دلوائی ہے جس پر والدین کو مبارکباد و خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ایوب میڈیکل کالج نہ صرف ایک
خوبصورت ادارہ ہے بلکہ مایہ ناز قابل فیکلٹی بھی یہاں موجود ہے جو کہ متاثر کن ہے۔گورنرنے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کر رہی ہیں۔شعبہ طب پر زیادہ فنڈز خرچ کرنا اور سہولیات کی فراہمی کا مقصد ہی یہی ہے کہ معاشرے کو بیماریوں سے پاک بنایا جائے اور اگر حکومتیں وسائل خرچ کر رہی ہیں تو مطلوبہ نتائج بھی نظر آنے چاہئیں۔گورنرنے ڈاکٹروں پر زوردیتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے ساتھ اپنے رویوں میں اخلاق، شائستگی کو لازمی جزو بنانا ہے۔میڈیکل سمیت ہر ایک پیشہ میں محنت و دیانتداری سے کام لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں بہترین سستا علاج معالجہ اور تعلیمی اداروں سے بہترین نتائج صحت و تعلیم کے شعبوں کی کامیابی سمجھی جائیگی۔گورنرنے کامیاب گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طب ایک مقدس پیشہ ہے،ڈاکٹروں کوایمانداری کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے، اپنے پیشہ سے ایمانداری اور لگن کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض سرانجام دیں شعبہ طب کو پیسے کمانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ انسان کی زندگی میں پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔ غریبوں اور مستحق افراد کی خدمت کرنے سے ہی حقیقی طور پر دلی تسکین محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کی تمام شعبوں غریب و امیر کا فرق ختم کیاجائے اور سب کو یکساں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

chitraltimes governor attended ayub medical college convocatin 1


شیئر کریں: