
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات نے پہلا انڈرگریجویٹ پروگرام آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں متعارف کرایا، کلاسز جلد شروع ہونگیں،
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات نے پہلا انڈرگریجویٹ پروگرام آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں متعارف کرایا، کلاسز جلد شروع ہونگیں،
یو نیورسٹی کے توسط سے کیمبرج کامن ویلتھ، یورپین اینڈ انٹرنیشنل ٹرسٹ، برطانیہ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) کے درمیان تعلیمی معیار کی بہتری اور تعلیمی تعلقات اُستوار کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط، یونیورسٹی نے خزاں سمسٹر کے دوسرے بیچ کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے داخلے کا اعلان بھی کر دیا ہے،
سوات (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ارشد خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ داود خان اور صوبائی وزیربرائے سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ خان نے سوات میں زیر تعمیر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائڈ سائنسز کے مُختلف کیمپسز کا دورہ کیا۔ اس دورے، مقصد کا مختلف کیمپس پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور یونیورسٹی کی مکمل فعالی کی جانب اقدامات کو تیز کرنا تھا۔ اس دورے کے موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر قاسم خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین و دیگر عملے نے وفد کو تعمیراتی کام اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی چار کیمپس – کابل، باریکوٹ، ارکوٹ، اور کالام پرمُشتمل ہے۔ ڈاکٹر افتخار حسین نے یونیورسٹی کی تعلیمی اہداف اور ابتک کی پیشرف کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر قاسم خان نے پروجیکٹ کی فعالی اور تکمیل کے مراحل پر وفد کو بریف کیا۔ انہوں نے تعمیر کی حالت، ہر کیمپس پر کام تعمیراتی کام کی تکمیل کی شرح، منظور شدہ فنڈ کی ترتیب اور منصوبے کی تکمیل کے لئے درکار معاونت کا خصوصی ذکر کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز سوات کے قیام بارے میں اقدامات کا آغاز 2021 میں ہوا۔ اس منصوبے کی 9.8 ارب روپے کی تخصیص کے ساتھ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یونیورسٹی نے حال ہی میں ایچ ای سی سے تعلیمی پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری حاصل کی جبکہ یونیورسٹی نے پہلا انڈرگریجویٹ پروگرام آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں متعارف کرایا ہے، جس کو نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن اکریڈیٹیشن کونسل کا الحاق حاصل ہے۔ اس پروگرام میں داخلے کی تشہیر کی گئی ہے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں جلد ہی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔ یونیورسٹی نے اپنے خزاں سمسٹر کے دوسرے بیچ کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے داخلے کا اعلان بھی کر دیا ہے، جو کہ اگلے دو ہفتوں میں شروع ہونے والا ہے۔ یونیورسٹی نے کیمبرج کامن ویلتھ، یورپین اینڈ انٹرنیشنل ٹرسٹ، برطانیہ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) کے درمیان تعلیمی معیار کی بہتری اور تعلیمی تعلقات اُستوار کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے ہیں۔ دونوں جانب نے رسمی طور پر اپنی متفقہ رضاکاری کے ساتھ ”خیبر پختونخوا کیمبرج اسکالرشپ” کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیم، تحقیق اور فیکلٹی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اس سکالرشپ کے تحت پی ایچ ڈی سکالرز کیمبرج یونیورسٹی میں جاکر معیاری تحقیق کرینگے اور واپس یونیورسٹی آکر اس تحقیق کا بہتر استعمال کرینگے۔ یونیورسٹی نے حال ہی میں تین روزہ کالام روبو ٹیک مُقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا جس میں 21 مختلف جامعات سے 400 سے زائد طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔اسی طرح یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایپلایئڈ سائنسز نے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا کے توسط سے سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے طلباء کو روبوٹکس بارے میں مُفت تربیت بھی فراہم کی ہے۔ جس کا مقصد ٹیکنالوجیکل تعلیم کی ترویج اور کم ترجیحی علاقوں کے طلباء کو بندوبستی علاقوں کے برابر موقع فراہم کرنا ہے۔