
سابق اسٹیٹ ہائی سکول چترال میں اولڈ بوائز ڈے منایا گیا
سابق اسٹیٹ ہائی سکول چترال میں اولڈ بوائز ڈے منایا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹایمز ) گورنمنٹ سینٹنل ماڈل سکول (سابق اسٹیٹ ہائی سکول) چترال میں اتوار کے روز اولڈ بوائز ڈے منایا گیا جس کا اہتمام اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔ تقریب میں سکول کے سابق طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنی مادر علمی کے ساتھ محبت اورعقیدت کا اظہار کیا۔ سکول کے اڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں سابق طلباء نے اپنی بھولی بسری یادیں دوسروں کے ساتھ شئیر کی۔ ایسوسی ایشن کے صدر الحاج عید الحسین اور سینئر ایلومنائی عنایت اللہ اسیر کے علاوہ خوش ولی خان، افضل شریف خان، غلام نبی، رحمت غفور بیگ بلبل، طوطی خان، سیدالاکبر، وائس پرنسپل شاہد جلال، نصرت آزاد اور دوسروں نے چترال کی ترقی میں سکول کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 1925ء میں قائم شدہ اس سکول نے چترال کی تعمیر وترقی کے لئے افرادی قوت فراہم کی اوراس ادارے سے نکلنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے کر چترال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ صدر محمود عالم اور مہمان خصوصی شاہ عجم نے تقریب کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس تقریب نے چترال کی قدیم ترین درسگاہ کے طا لب علموں کو کئی برسوں تک دوبارہ ایک دوسرے سے ملنے کا موقع پر فراہم کردیا۔ دن کا آغاز سکول کے ٹینس کورٹ میں مارننگ اسمبلی سے ہوا۔