Chitral Times

Dec 1, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں متوقع سالانہ تقریباً 10ارب روپے آمدن کے توانائی کے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، سیکرٹری نثار احمد خان

Posted on
شیئر کریں:

صوبے میں متوقع سالانہ تقریباً 10ارب روپے آمدن کے توانائی کے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، سیکرٹری نثار احمد خان

صوبائی حکومت کی زیر انتظام جاری توانائی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس کا انعقاد، سیکرٹری توانائی و برقیات

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) محکمہ توانائی و برقیات خیبرپختونخوا کے سیکرٹری نثار احمد خان نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے تاہم اس بارے ملک میں جاری معاشی معاملات میں اتار چڑھاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ محکمہ توانائی کا ذیلی ادارہ پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)صوبے کاایک منافع بخش ادارہ ہے۔ پیڈوکے متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن سے صوبے کو تقریباً 10ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔ توانائی کے جاری منصوبوں میں وفاقی اداروں کی جانب سے درپیش بعض مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت نے سنجیدگی سے معاملات اٹھانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبے میں حکومتی سطح پر پیڈو کے جاری توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئر نعیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈو کی نگرانی میں اس وقت ہائیڈرو، سولر پاور سمیت ٹرانسمیشن لائن کے 42 توانائی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پیڈو نے اب تک پن بجلی کے 7 منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں جن سے مجموعی طورپر161میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ 4ارب روپے سے زائد کی آمدن ہورہی ہے جبکہ 9 منصوبوں پرکام تیزی جاری ہے، جن سے مجموعی طور پر 800 میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی اور صوبے کو سالانہ 47 ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تکمیل شدہ شمسی توانائی کے منصوبوں سے صوبے کو بجلی بلوں کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہورہی ہے۔


شیئر کریں: