
اعلیٰ عسکری و سول قیادت کا ایک ساتھ چترال کا دورہ کرکے گرینڈ جرگہ منعقد کرنےاورعوام سے ان کے مسائل معلوم کرنے پرآرمی چیف سمیت تمام حکام کا شکریہ۔ وقاص احمد ایڈوکیٹ صدر سی۔ڈی۔ایم
اعلیٰ عسکری و سول قیادت کا ایک ساتھ چترال کا دورہ کرکے گرینڈ جرگہ منعقد کرنےاورعوام سے ان کے مسائل معلوم کرنے پرآرمی چیف سمیت تمام حکام کا شکریہ۔ وقاص احمد ایڈوکیٹ صدر سی۔ڈی۔ایم
چترال (نمائندہ چترال ٹایمز) چترال میں سڑکوں کی تعمیر وترقی کے لیے کوشاں سول سوسائٹی تنظیم چترال ڈیویلپمنٹ مومنٹ (سی ڈی ایم) کے صدر وقاص احمد ایڈووکیٹ نے اعلیٰ عسکری و سول قیادت کا ایک ساتھ چترال کا دورہ کرکے گرینڈ جرگہ منعقد کرنے اور عوام سے ان کے مسائل معلوم کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات، آئی۔جی ایف۔ سی نارتھ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، کمشنر اور آر پی او ملاکنڈ کا شکریہ ادا کیا ہے جو عوام کا مورال بلند کرنے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔
ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں مولانا اسرار الدین الہلال، ساجد اللہ ایڈوکیٹ، عنایت اللہ اسیر، نثار احمد، رفیق احمد ، شیر زمین، گل محمد اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی طرف سے چترال میں دراندازی کی ناکام کوشش کے بعد آرمی چیف کے احکامات کے مطابق گرینڈ جرگہ بلانا اور عوام سے براہ راست رابطہ کاری بہت ہی دور رس اثرات کی حامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر پشاور کو چترال میں سڑکوں اور ہسپتالوں کی ابتر حالت سے لے کر مائنز اینڈ منرلز کی تفصیلات معلوم ہونا خوش آئند بات ہے جس سے یہ امید مستحکم ہوتی ہے کہ چترال کی پسماندگی کا خاتمہ کرنے میں وہ اپنا کردار احسن طور پر ادا کرے گا۔
سی ڈی ایم کے صدر نے کور کمانڈر سے مطالبہ کیا کہ چترال کے ساتھ حکومت کی اس امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے جس کی واضح مثالیں لواری ٹنل کی چترال سائڈ پر اپروچ روڈ اور اپر چترال میں بونی بزند روڈ ہیں جو کہ 2009ء سے زیر تعمیر چلے آرہے ہیں۔
انہوں نے کور کمانڈر کی طرف سے کیڈٹ کالج کے قیام کے لئے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور کمشنر ملاکنڈ سے مطالبہ کیا کہ اس عظیم منصوبہ کے لئے جلد از جلد زمین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وقاص احمد نے چترال کی سیاحت کا عزم رکھنے والے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر چترال کی سیر پر آجائیں جہاں امن و امان کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
انہوں نے غیر مقامی صحافیوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ کے لئے چترال کی حساس موضوعات وحالات پر لکھنے سے پہلے مقامی صحافیوں سے رہنمائی ضرور لیلیں جو ان کی بہتر رہنمائی کریں گے جس سے ان کے رپورٹس کی کریڈیبیلٹی بڑھ جائے گی۔
انہوں نے گزشتہ دنوں چترال پر خصوصی پیکج بناکر کیمرے کی آنکھ سے دہشتگردوں کی دراندازی کی حقیقت قوم کو دیکھانے پر وسیم بادامی اورعدیل وڑائچ کی کوششوں کو سراہا۔
وقاص احمد ایڈووکیٹ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ کور کمانڈر کے دورے کے فوری بعد بونی روڈ کی پختگی کے لئے اسفالٹ پلانٹ چترال پہنچ گئے ہیں اور عملی طور پر کام شروع ہونے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔انھوں نے مذید کہا کہ چیف سیکریٹری نے ڈی ۔ایس ۔ایس استاتذہ کے آٹھ مہینوں کی تنخواہیں ایک ہفتے کے اندر ریلیز کرنے کا وعدہ کیا ہے امید ہے کہ وہ اپنا وعدہ نبھائیں گے ۔