Chitral Times

Sep 27, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انہی پتھروں پہ چل کے – محمد شریف شکیب

Posted on
شیئر کریں:

انہی پتھروں پہ چل کے – محمد شریف شکیب

محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے نوید سنائی سنائی ہے کہ امسال بھی لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کو سیاحت کے لئے چنا۔تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں کچھ کمی واقع ہوئی۔اس سال ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال 2 ہزار 546 غیر ملکیوں نے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کی۔رواں سال ملک بھر سے 97 لاکھ افراد نے خیبر پختونخوا کی سیر کی 2022 میں ملکی سیاحوں کی تعداد 88 لاکھ 59 ہزار 636 ریکارڈ کی گئی۔ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے گلیات، دیر بالا، مالم جبہ، چترال اور کاغان و ناران کی سیر کی۔محکمہ سیاحت نے دعوی کیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سیکورٹی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی بس سروس بھی شروع کی گئی ہےابتدائی طور پر خان پور ڈیم، تخت بھائی کھنڈرات اور پشاور کے لیے بس سروس شروع کی گئی ہے۔جسے بعد ازاں مزید سیاحتی مقامات تک توسیع دی جائے گی۔

 

گزشتہ دنوں لنڈی کوتل اور طورخم کی سیر کو آنے والے غیر ملکی جوڑے کے بارے میں بتایا گیا کہ پولیس کے ناروا سلوک کی وجہ سے غیر ملکی خاتون پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔پولیس کا دعوی ہے کہ سیاح جوڑے کے ساتھ برا سلوک نہیں ہوا ان کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہیں تھے ۔اس وجہ سے انہیں باعزت واپس پشاور بھیج دیا گیا۔کچھ عرصہ قبل صوبائی حکومت نے کمراٹ سے مدکلشٹ تک چیئرلفٹ کی تنصیب کا اعلان کیا تھا۔جس پر اڑھائی سال گزرنے کے باوجود عمل درآمد نہیں ہوا۔اگر سیاحت حکومت کی ترجیح ہے تو سیاحوں کو نقل و حمل سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔اللہ تعالی نے اس خطے کو قدرتی حسن سے نہایت فیاضی سے نوازا ہے لیکن ہم اس جنت نظیر خطے کو دنیا کے سامنے لانے اور وہاں تک ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔شندور میلہ سال کے اہم سیاحتی پروگراموں میں شامل ہے۔مگر وہاں تک پہنچنے کے لئے لوگوں کو جان جوکھوں میں ڈالنا پڑتا ہے۔اور ہم ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو یہ پیغام دے رہے ہوتے ہیں کہ انہی پتھروں پہ چل کے اگر آسکو تو آو۔ہمارے گھر کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے۔


شیئر کریں: